13 کلومیٹر طویل ہائی ٹینشن بجلی کی تاریں غائب

بھارتی ریاست بہار میں چوری کی انوکھی واردات میں ملزمان 13 کلومیٹر طویل ہائی ٹینشن بجلی کی تاریں لے کر فرار ہوگئے۔

انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع مغربی چمپارن میں 11 کلو وولٹ کی 13 کلومیٹر طویل ہائی ٹینشن بجلی کی تاریں چوری ہونے کے بعد متعلقہ محکمے کی شکایت پر پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

تاریں چوری ہونے کی وجہ سے کھیتوں اور دیگر فصلوں کو پانی کی سپلائی بھی معطل ہوگئی۔ مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ یہ چوری ایک ہی دن میں نہیں ہوئی بلکہ ایک ماہ کے دوران کی گئی۔

متعلقہ محکمے کو رام پوروا مہانوا پنچایت کے سربراہ کی قیادت میں دیہاتیوں نے مطلع کیا، جنہوں نے اس پورے معاملے پر سنگین سوالات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی چوری ممکن ہی نہ ہوتی اگر محکمہ باقاعدگی سے بجلی کی لائنوں کی نگرانی کرتا۔

ان کے بیٹے اپیندر کمار نے متعلقہ جونیئر انجینئر اور دیگر حکام پر ملامت کی کہ جب تاریں بار بار کاٹی جا رہی تھیں تو وہ کیا کر رہے تھے؟ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ محکمے نے کافی تاخیر کے بعد پولیس میں رسمی شکایت درج کروا کر معاملے کو دبانے کی کوشش کی۔

اپیندر کمار نے مزید کہا کہ رام پوروا مہانوا پنچایت میں تقریباً 88 کھمبوں سے بجلی کی تاریں کاٹی گئی ہیں، تاریں کافی عرصے سے غائب ہو رہی تھیں، ہم نے کئی بار شکایتیں درج کروائیں، لیکن حکام نے اس معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا، یہ محض غفلت سے بڑھ کر ہے، ہمیں شک ہے کہ اس میں محکمے کے افسران اور عملہ ملوث ہے۔

دوسری جانب، پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جس سے یہ واضح ہو جائے گا کہ یہ صرف چوری کا معاملہ ہے یا اس میں کوئی بڑا گینگ یا محکمہ کی ملی بھگت اور غفلت شامل ہے۔