لاہور: ٹرین کی ٹکر سے 34 سالہ شخص زندگی کی بازی ہار گیا

صوبائی دارالحکومت کے علاقے گلبرگ میں ٹرین کی زد میں آکر 34 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا۔
عینی شاہدین کے مطابق دلخراش واقعہ گلبرگ تھری میں سوئی گیس آفس کے قریب پیش آیا جہاں نوجوان ریلوے پھاٹک عبور کرتے ہوئے ٹرین کی زد میں آکر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

دوسری جانب واقعہ کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے جب کہ مرنے والے کی شناخت 34 سالہ نسیم ولد علی کے نام سے ہوئی۔

ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر ضروری کارروائی کے بعد جاں بحق شخص کی لاش مردہ خانے منتقل کر دی جب کہ واقعے کے بعد متعلقہ اداروں نے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔