دنیا کا نیا عجوبہ، چین کا چونگ چنگ ایسٹ ریلوے اسٹیشن توجہ کا مرکز

چین کے شہر چونگ چنگ کے نان آن ضلع میں واقع چونگ چنگ ایسٹ ریلوے اسٹیشن باقاعدہ طور پر مسافروں کے لیے کھول دیا گیا ہے، جسے دنیا کے بڑے مسافر ریلوے اسٹیشنز میں شمار کیا جا رہا ہے۔

اس منصوبے کا اعلان پہلی بار نومبر 2018 میں کیا گیا تھا، جبکہ اسی سال 22 نومبر کو اسٹیشن کی تعمیر کا آغاز ہوا۔ کئی برسوں پر محیط تعمیراتی کام کے بعد اسٹیشن 27 جون 2025 کو عوام کے لیے کھول دیا گیا۔

چونگ چنگ ایسٹ ریلوے اسٹیشن میں مجموعی طور پر 29 ریلوے ٹریکس اور 15 پلیٹ فارمز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 14 آئی لینڈ پلیٹ فارمز، ایک سائیڈ پلیٹ فارم اور 6 مین لائن ٹریکس شامل ہیں۔ اسٹیشن میں ہائی اسپیڈ اور روایتی ٹرینوں کی دیکھ بھال اور پارکنگ کے لیے جدید سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

اسٹیشن کے اطراف کے علاقے کو ٹرانزٹ اورینٹڈ ڈویلپمنٹ (TOD) کے تحت ترقی دی جا رہی ہے، جہاں ہوٹل، دفاتر، شاپنگ سینٹرز اور ثقافتی مراکز بھی قائم کیے جائیں گے۔

چونگ چنگ ایسٹ ریلوے اسٹیشن چین کے قومی “آٹھ عمودی اور آٹھ افقی” ہائی اسپیڈ ریلوے نیٹ ورک کا ایک اہم مرکز ہے، جو ملک کے مغربی اور مشرقی علاقوں کے درمیان سفری رابطوں کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔