ممتا پروگرام سے غریب حاملہ خواتین کو بہتر طبی سہولیات اور مالی معاونت فراہم کی جائے گی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عمران الحق

ٹھٹھہ (جے پی) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون عمران الحق نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے شروع کیے گئے “ممتا پروگرام” کا مقصد غریب حاملہ خواتین کو محفوظ زچگی، بہتر طبی سہولیات اور مالی معاونت فراہم کرکے ماں اور بچے کی صحت کو بہتر بنانا ہے۔ یہ بات انہوں نے ممتا پروگرام کے حوالے سے ضلعی کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سندھ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی، پی پی ایچ آئی، نادرا، محکمہ صحت، لوکل گورنمنٹ، سوشل ویلفیئر، سرسو، مرف، آغا خان، وومن ڈیولپمنٹ سمیت دیگر متعلقہ اداروں اور این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ پروگرام کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جائے، محکمہ صحت کے ساتھ مربوط رابطہ استوار رکھا جائے، حاملہ خواتین کی زیادہ سے زیادہ رجسٹریشن یقینی بنائی جائے، باقاعدگی سے پیش رفت رپورٹ فراہم کی جائے، محکمہ صحت اور نادرا سے متعلقہ ڈیٹا حاصل کیا جائے اور مستحق خواتین کو مالی ادائیگیاں بروقت یقینی بنائی جائیں۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ممتا پروگرام رضوانہ حنین نے بتایا کہ ضلع ٹھٹھہ کے مختلف صحت مراکز پر حاملہ خواتین کی رجسٹریشن جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے تحت اسپتال میں زچگی کرانے والی خواتین کو 33 ماہ تک بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ ٹرانسپورٹ اور غذائی معاونت کی مد میں مجموعی طور پر 30 ہزار روپے مختلف اقساط میں ادا کیے جائیں گے۔ اس موقع پر تمام متعلقہ اداروں نے ممتا پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔