غباروں کے سہارے آسمان کی سیر کرنے والا شخص

کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ کوئی شخص ایک عام کرسی کے ساتھ درجنوں غبارے باندھ کر ہزاروں فٹ بلندی تک اڑ سکتا ہے؟ یہ بات کسی فلمی منظر یا مذاق جیسی لگتی ہے، مگر ایک شخص نے حقیقت میں ایسا کر دکھایا تھا۔

یہ حیرت انگیز اور سچی کہانی لیری والٹرز کی ہے، جو ایک امریکی ٹرک ڈرائیور تھے اور بعد میں “لاؤنج چیئر لیری” (Lawnchair Larry) کے نام سے دنیا بھر میں مشہور ہوئے۔

یہ واقعہ 2 جولائی 1982 کو امریکی ریاست کیلیفورنیا کے علاقے سان پیڈرو میں پیش آیا، جب لیری نے اپنے برسوں پرانے خواب کو حقیقت میں بدلنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے ایک عام ایلومینیم کی باغیچے والی کرسی کو ایک عجیب و غریب اڑنے والی مشین میں تبدیل کیا، جسے انہوں نے “انسپائریشن ون” (Inspiration I) کا نام دیا۔

اس منفرد “طیارے” میں ایک عام کرسی کے ساتھ 42 ہیلیم گیس سے بھرے موسمی غبارے باندھے گئے تھے۔ لیری کا خیال تھا کہ وہ بس تھوڑی سی بلندی پر جا کر ہوا میں آرام سے تیرتے رہیں گے اور پھر محفوظ انداز میں واپس نیچے آ جائیں گے۔

https://www.facebook.com/watch/?v=789533967463929

سفر کی تیاری کے لیے انہوں نے اپنے ساتھ سینڈوچز سے بھرا کولر، رابطے کے لیے ایک ریڈیو اور ایک بی بی گن بھی رکھی، تاکہ ضرورت پڑنے پر کچھ غباروں کو پھاڑ کر آہستہ آہستہ نیچے آ سکیں۔

مگر پھر سب کچھ منصوبے کے برعکس ہو گیا۔

لیری نے اپنی کرسی کو ایک جیپ کے ساتھ رسی سے باندھا ہوا تھا تاکہ وہ قابو میں رہے، لیکن اچانک رسی وقت سے پہلے ٹوٹ گئی اور وہ تیزی سے آسمان کی طرف بلند ہونا شروع ہو گئے۔

کچھ ہی لمحوں میں لیری تقریباً 16 ہزار فٹ کی بلندی تک جا پہنچے، جو عام طیاروں کے راستوں کے قریب فضائی حدود میں شمار ہوتی ہے۔ لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ (LAX) کے قریب سے گزرنے والے پائلٹس حیران رہ گئے جب انہوں نے آسمان میں ایک شخص کو کرسی پر بیٹھے دیکھا، جس کے ہاتھ میں مبینہ طور پر بندوق بھی تھی۔

تقریباً دو گھنٹے تک شدید سردی میں فضا میں معلق رہنے کے بعد لیری نے اپنی بی بی گن سے چند غبارے پھوڑے تاکہ نیچے آ سکیں۔ خوش قسمتی سے ان کا نیچے اترنا کامیاب رہا، مگر وہ لانگ بیچ کے علاقے میں بجلی کی تاروں میں الجھ گئے، جس سے کچھ دیر کے لیے مقامی علاقے کی بجلی بھی بند ہو گئی۔

اس واقعے کے بعد کیا ہوا؟

اس غیر معمولی واقعے کے بعد امریکی فضائی ادارے نے لیری پر فضائی قوانین کی خلاف ورزی پر 4 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا، جسے بعد میں کم کر کے 1500 ڈالر کر دیا گیا۔

دوسری جانب، لیری راتوں رات میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے۔ وہ کئی مشہور ٹی وی شوز میں شریک ہوئے اور ایک عوامی ہیرو کی حیثیت اختیار کر گئے۔

آج بھی وہ تاریخی کرسی، جس نے لیری کو آسمان تک پہنچایا، سمتھسونین نیشنل ایئر اینڈ اسپیس میوزیم میں محفوظ ہے، جہاں یہ ایک ایسے انسان کی یاد دلاتی ہے جس نے ناممکن لگنے والے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی کوشش کی۔

رپورٹ صبیح سالک