امریکی شہری نے چند منٹوں میں 66 ہاٹ ڈاگ کھا کر 10 ہزار ڈالرز اپنے نام کر لیے۔
امریکا میں یومِ آزادی کے موقع پر ہونے والے سالانہ ہاٹ ڈاگ کھانے کے مقابلے میں بار بار مقابلہ جتینے والے جوئی چیسٹنٹ نے 10 منٹ میں 66 ہاٹ ڈاگ کھا کر مردوں کے مقابلے کا ٹائٹل 18 ویں مرتبہ اپنے نام کر لیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق کامیابی پر جوئی چیسٹنٹ کو 10 ہزار ڈالرز اور روایتی یلو بیلٹ سے نوازا گیا۔
اس موقع پرجوئی چیسٹنٹ نے کہا کہ 4 جولائی کو اس مقابلے میں حصہ لینا میرے لیے خواب جیسا ہے تاہم شدید گرمی کی وجہ سے میں اپنی بہترین کارکردگی نہ دکھا سکا۔
رپورٹس کے مطابق ان کا عالمی ریکارڈ 76 ہاٹ ڈاگ کھانے کا ہے جو انہوں نے 2021ء میں بنایا تھا۔
مقابلے میں دوسرے نمبر پر آنے والے پیٹرک برٹولیٹی نے 51 ہاٹ ڈاگ کھائے۔
خواتین کے مقابلے میں میکی سودو نے 38.75 ہاٹ ڈاگ کھا کر مسلسل 12 ویں بار کامیابی حاصل کی۔
خواتین میں ان کا ریکارڈ 51 ہاٹ ڈاگ کھانے کا ہے جو انہوں نے 2021ء میں قائم کیا تھا۔
میکی سودو نے کامیابی کے بعد شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجمع کے جوش نے مجھے ایک اور فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ یہ تاریخی مقابلہ 1972ء سے ہر سال نیویارک میں واقع مشہور ہاٹ ڈاگ ریستوران کے سامنے منعقد کیا جاتا ہے۔


















































































