چین کی جدید ترین اے آئی ٹیکنالوجی سے کھیتی باڑی میں نیا انقلاب آ گیا

چین کی جدید ترین اے آئی ٹیکنالوجی سے کھیتی باڑی میں نیا انقلاب آ گیا ہے، اب اے آئی روبوٹ کی مدد سے فصل کے دوران گھاس پھوس کا خاتمہ لیزر کی ایک شعاع سے ممکن ہو گیا ہے۔

چین کی جدید ٹیکنالوجی نے کھیتی باڑی کا انداز ہی بدل دیا ہے، چانگ چون یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے چلنے والا لیزر وِیڈنگ روبوٹ تیار کر لیا ہے، جو روایتی گوڈی اور کیمیائی اسپرے کے بغیر صرف نقصان دہ گھاس پھوس کا خاتمہ کر سکتا ہے۔

یہ اسمارٹ روبوٹ اے آئی وژن کی مدد سے 99.5 فی صد درستگی کے ساتھ فصل اور نقصان دہ گھاس پھوس میں فرق پہچان لیتا ہے، اور پھر لیزر شعاعوں سے انھیں ختم کر دیتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس ٹیکنالوجی سے مزدوری کے اخراجات میں نمایاں کمی اور کھیتوں کے انتظام میں بہتری آ جائے گی اور ماحول دوست کاشت کاری کو فروغ ملے گا۔

چینی میڈیا کا کہنا ہے کہ اے آئی پر مبنی لیزر ویڈنگ سسٹم روایتی نامیاتی کاشت کاری کے انتظام میں انقلاب برپا کر رہا ہے۔ دستی مشقت یا کیمیائی جڑی بوٹی مار ادویات پر انحصار کرنے کی بہ جائے، یہ جدید زرعی نظام مصنوعی ذہانت پر مبنی وژن ٹیکنالوجی کی مدد سے نقصان دہ گھاس پھوس کی درست شناخت کرتا ہے اور انھیں ہدفی لیزر شعاعوں کے ذریعے ختم کر دیتا ہے۔

یہ ٹیکنالوجی فصلوں کو نقصان پہنچانے سے مؤثر طور پر بچاتی ہے اور کھیت میں کیڑے مار یا جڑی بوٹی مار ادویات کی کوئی باقیات نہیں چھوڑتی۔