فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی چین کے سینما گھروں میں نمائش کا اعلان

پاکستان کی بلاک بسٹر فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی چینی سنیما گھروں میں ریلیز کے لیے تیار ہے، فلم کی چین میں ریلیز کی تاریخ کا بھی اعلان ہو گیا۔

فلم کے ہدایت کار بلال لاشاری نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر خود مداحوں کو یہ خوش خبری سنائی ہے۔

اُنہوں نے چینی زبان میں فلم کا پوسٹر اور ٹریلر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ پہلی پاکستانی فلم ہے جو دنیا بھر میں سب سے خصوصی فلم کوٹے میں شامل ہو گئی ہے۔

کیپشن میں مزید لکھا ہے کہ یہ فلم 21 مئی 2026ء کو چین کے سنیما گھروں میں پیش کی جائے گی۔

کیپشن کے آخر میں لکھا ہے کہ یہ پاکستانی سنیما کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے اور اب عالمی سطح پر ہماری کہانیوں کے لیے ایک نیا دروازہ کھل گیا ہے۔