سیشن عدالت ملیر نے اسکیم 33 قبضہ کیس میں حکم نامہ جاری کردیا۔ عدالتی حکم نامے کے مطابق عدالت نے ایس ایس پی ایسٹ اور ایس ایچ او تھانہ سچل کی جمع کرائی گئی

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت ملیر نے اسکیم 33 قبضہ کیس میں حکم نامہ جاری کردیا۔ عدالتی حکم نامے کے مطابق عدالت نے ایس ایس پی ایسٹ اور ایس ایچ او تھانہ سچل کی جمع کرائی گئی رپورٹ غیر تسلی بخش قرار دیدیا ہے۔ عدالت نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو فوری کارروائی اور 7 روز میں رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ پولیس افسران کی مسلسل غفلت اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی نے قانون کی حکمرانی اور عدالتی نظام کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا۔ عدالتی ناظر پر فائرنگ کے باوجود پولیس نے بروقت مقدمہ درج نہیں کیا اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد سے گریز کیا۔ حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود متنازع اراضی پر قبضے اور تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ پولیس کا طرزِ عمل انصاف کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ عدالت نے 7 روز میں عدالتی احکامات پر عملدرآمد، ذمہ دار افسران کیخلاف کارروائی، ایس ایچ او سچل کی تبدیلی پر غور اور رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ حکم نامے کے مطابق عدالتی احکامات پر عمل نہ ہوا تو مزید سخت قانونی کارروائی ہوگی۔