
میرپورخاص
رپورٹ
تحسین احمد خان
امن ویلفیئر فاؤنڈیشن میرپورخاص کے چیئرمین بشیر الٰہی محمدی نے حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، سپرنٹنڈنگ انجینئر، ایگزیکٹو انجینئر اور دیگر متعلقہ حکام کو ایک تحریری درخواست ارسال کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ میرپورخاص شہر میں رات 1:45 بجے سے 3:45 بجے تک کی جانے والی لوڈشیڈنگ کو فوری طور پر ختم کیا جائے یا اس کا دورانیہ کسی مناسب وقت پر منتقل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ رات کے ان اوقات میں بجلی کی بندش کے باعث شہری شدید ذہنی دباؤ اور اذیت کا شکار ہیں۔ بزرگ، خواتین، بچے، مریض، طلبہ اور ملازمت پیشہ افراد کی نیند مسلسل متاثر ہونے سے ان کی صحت، تعلیمی سرگرمیوں اور روزمرہ کارکردگی پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔بشیر الٰہی محمدی نے کہا کہ شہریوں کو رات کے وقت پرسکون ماحول اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی ان کا بنیادی حق ہے۔ اگر لوڈ مینجمنٹ ناگزیر ہو تو اسے ایسے اوقات میں منتقل کیا جائے جہاں عوام کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔انہوں نے حیسکو کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے اس مسئلے کا فوری نوٹس لیا جائے اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کی جائیں تاکہ شہری ذہنی اذیت سے نجات حاصل کر سکیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ حیسکو انتظامیہ عوامی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے فوری اور مثبت اقدام کرے گی۔


















































































