پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹرز کی جدید تربیت کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید ترین “ٹرو مین 3” بولنگ مشین نصب کر دی ہے۔
پی سی بی کے مطابق یہ جدید مشین کھلاڑیوں کو میچ جیسا ماحول فراہم کرے گی، جس سے بیٹرز اپنی تکنیک اور تیاری کو مزید مؤثر انداز میں بہتر بنا سکیں گے۔
اس مشین کی نمایاں خصوصیت اس کی فرنٹ اسکرین پر موجود ہائی کنٹراسٹ ایل ای ڈی اینیمیشن ہے، جس کے ذریعے بولر کا ایکشن، گیند چھوڑنے کا مقام (ریلیز پوائنٹ) اور ٹائمنگ واضح انداز میں نظر آتی ہے۔ اس کے علاوہ مشین میں لائن، لینتھ، رفتار، سوئنگ اور گیند کی اونچائی کو بھی ضرورت کے مطابق تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ کوچز اور کھلاڑی اپنی مرضی کے مطابق انفرادی گیندیں، مکمل اوورز اور اسپیلز محفوظ کر سکتے ہیں، جنہیں بعد میں میچ جیسی صورتحال پیدا کرنے کے لیے دوبارہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کے مطابق “ٹرو مین 3” جدید ٹیکنالوجی پر مبنی بولنگ مشین ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ اسے استعمال کرنے والا دنیا کا پہلا کرکٹ بورڈ بن گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روایتی بولنگ مشینوں میں بیٹرز کے لیے بولر کے ریلیز پوائنٹ کا اندازہ لگانا مشکل ہوتا ہے، جبکہ یہ نئی مشین اس کمی کو دور کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیٹرز اس مشین پر بولر کی ویڈیو کے ساتھ پریکٹس کر کے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کر سکتے ہیں، جس سے انہیں حقیقی میچ جیسی تیاری کا بہترین موقع ملتا ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بھی اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جدید مشین کھلاڑیوں کو موجودہ دور کی کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ان کے مطابق چونکہ گیند بولر کے اصل ایکشن کے ساتھ آتی ہے، اس لیے بیٹرز کو میچ جیسی ٹائمنگ کے ساتھ کھیلنے کی مشق ملتی ہے، جو مستقبل میں ان کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔


















































































