کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر ایک بار پھر فائرنگ اور دھماکے کی آوازیں، دہشت گردوں‌ کے مارے جانے کی اطلاعات

کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر ایک بار پھر فائرنگ اور دھماکے کی آوازیں، دہشت گردوں‌ کے مارے جانے کی اطلاعات
نذیر شاہ
کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر دھماکا اور شدید فائرنگ
کراچی کے علاقے یونیورسٹی روڈ پر دھماکا اور شدید فائرنگ ہوئی ہے جبکہ اہلکاروں کے زخمی اور دہشت گردوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے یونیورسٹی روڈ موسمیات چورنگی کے قریب شدید فائرنگ ہوئی ہے جس کے بعد پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر روانہ کردی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکا اور فائرنگ رینجرز کے دفتر کے قریب ہوئی ہے پہلے دھماکا ہوا جس کی آواز کئی کلو میٹر دور تک سنی گئی اس کے بعد فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اداروں کی جانب سے متعدد افراد کو بھی حراست میں لیا جارہا ہے، اطراف کو ٹریک چمن اقبال کالونی کو بھی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ٹی سی رینجرز ہیڈ کوارٹر کے مرکزی دروازے پر دستی بم حملہ کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا سلسلہ تھم گیا ہے واقعے کی نوعیت جاننے کے لیے ادارے تحقیقات کررہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے موسمیات چورنگی کے قریب فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رابطہ کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔