*آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام محرم الحرام کی مناسبت سے ’’محفلِ مسالمہ‘‘ کا انعقاد*
*محمد احمد شاہ نے مختلف مکاتبِ فکر کےاہلِ علم ودانشوروں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کر رکھا ہے،عالمی شہرت یافتہ شاعر افتخار عارف*
کراچی ( ) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام محرم الحرام کی مناسبت سے ’’محفلِ مسالمہ‘‘ کا انعقاد حسینہ معین ہال میں کیا گیا، جس میں ملک کے ممتاز شعرائے کرام نے شرکت کی، جبکہ عالمی شہرت یافتہ شاعر افتخار عارف نے ویڈیو لنک کے ذریعے محفلِ مسالمہ میں خصوصی شرکت کی۔ محفلِ مسالمہ میں معروف شاعر، ادیب و نقادفراست رضوی، ڈاکٹر عقیل عباس جعفری، جاوید صبا، نسیم نازش، سلمان صدیقی، شبیر نازش، ڈاکٹر رخسانہ صبا، ریحانہ روحی، ڈاکٹر عنبریں حسیب عنبر، ڈاکٹر فہیم شناس کاظمی، ڈاکٹر ندیم نقوی، کاشف غائر، سیمان نوید، توقیر تقی، احمد جہانگیر، عروج زہرا زیدی اور عبدالرحمان مومن نے اپنا کلام پیش کیا اور اپنے منفرد اندازِ بیان سے حاضرین کو توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔ محفل مسالمہ میں تمام شعراء کرام نے اپنے کلام میں واقعہ کربلا کے شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض شکیل جعفری نے انجام دیے۔ اس موقع پر معروف شاعرافتخار عارف نے کہاکہ میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی، بالخصوص محمد احمد شاہ صاحب کا تہہِ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھے محفلِ مسالمہ میں شرکت کی سعادت بخشی۔ آرٹس کونسل کی یہ ایک نہایت عمدہ روایت ہے کہ اس نے مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے اہلِ علم، ادیبوں، شاعروں اور دانشوروں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کر رکھا ہے، جو علمی و ادبی مکالمے کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ باہمی احترام، رواداری اور فکری ہم آہنگی کو بھی مضبوط بناتی ہے۔ آخر میں افتخار عارف نے اپنا کلام پیش کیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔


















































































