
اسلام آباد: ایس آئی ایف سی کی مؤثر ادارہ جاتی معاونت سے ایم-13 کھاریاں تا راولپنڈی موٹروے منصوبے پر پیش رفت جاری ہے، جس کا مقصد محفوظ، جدید اور آسان سفری سہولیات کی فراہمی کے ساتھ تیز رفتار اور مؤثر رابطہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
منصوبے کے تحت ایم-13 کو اپ گریڈ کر کے 117.2 کلومیٹر طویل 6 لین موٹروے بنایا جا رہا ہے، جو موجودہ ایم-2 کا تیز، محفوظ اور اسٹریٹجک متبادل ہوگی۔ اس منصوبے سے سفر کا فاصلہ تقریباً 100 کلومیٹر کم ہوگا۔
وزیرِ دفاع خواجہ آصف کے مطابق ایس آئی ایف سی نے تعطل کا شکار ایم-12 سیالکوٹ تا کھاریاں موٹروے منصوبے کی بحالی میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کی کاوشوں سے ایم-11 لاہور تا سیالکوٹ موٹروے کو بھی 4 لین سے بڑھا کر 6 لین کیا جا رہا ہے۔
ایم-11، ایم-12 اور ایم-13 راہداری کی تکمیل کے بعد لاہور اور راولپنڈی کے درمیان 50 سے 60 فیصد ٹریفک ایم-2 سے نئے روٹ پر منتقل ہو جائے گی۔
یہ راہداری لاہور، اسلام آباد، پشاور، سیالکوٹ، افغانستان، چین اور وسطی ایشیا کے درمیان رابطوں اور تجارتی سرگرمیوں کو مزید مضبوط بنائے گی۔ منصوبے میں کلر کہار کے مقام پر 3 سرنگیں بھی شامل ہیں، جن سے اس علاقے میں پیش آنے والے حادثات میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔


















































































