جعفریہ الائنس کا یومِ عاشورہ کے انتظامات پر واٹر کارپوریشن کو خراجِ تحسین فراہمی و نکاسی آب کے انتظامات تسلی بخش قرار


کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی جانب سے یومِ عاشورہ کے موقع پر فراہمی و نکاسی آب کے لیے کیے گئے انتظامات کو جعفریہ الائنس نے اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے سراہا ہے۔ یہ اظہارِ اطمینان شہر بھر میں مرکزی و ذیلی جلوسوں کے روٹس اور اہم امام بارگاہوں کے مشترکہ دورے اور معائنے کے بعد کیا گیا۔ چیف آپریٹنگ آفیسر واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان نے مرکزی اور ذیلی جلوسوں کے راستوں، امام بارگاہوں اور دیگر اہم عزاداری مقامات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پانی کی فراہمی و نکاسی آب اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر آفتاب عالم چانڈیو اور جعفریہ الائنس کے مرکزی رہنما سید شبیر رضا زیدی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ دورے کے دوران عزاداروں کو بلا تعطل پانی کی فراہمی، سیوریج کے مسائل اور اوور فلو کی روک تھام کے اقدامات، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار کیے گئے متبادل منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ انجینئر اسداللہ خان نے کہا کہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایات کے مطابق یومِ عاشورہ کے تمام انتظامات بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عزاداروں کو مسلسل پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر واٹر ٹینکرز، جیٹنگ اور سکشن مشینیں اور فیلڈ عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عام تعطیل کے باوجود واٹر کارپوریشن کے افسران اور ملازمین شہر بھر میں ہائی الرٹ اور مکمل طور پر متحرک رہے۔ دریں اثناء سی ای او احمد علی صدیقی اور سی او او انجینئر اسداللہ خان نے حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عظیم قربانی حق، صبر، استقامت، ایثار اور قربانی کی لازوال اقدار کے ذریعے آج بھی پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق یومِ عاشورہ کے دوران شہریوں اور عزاداروں کو فراہمی و نکاسی آب کی بہتر خدمات فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لیے مسلسل نگرانی کا عمل جاری رکھا گیا جبکہ شکایات کے فوری ازالے کے لیے متعلقہ ٹیمیں ہر وقت دستیاب رہیں۔ دورے کے اختتام پر جعفریہ الائنس کے رہنماؤں نے واٹر کارپوریشن کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے افسران اور فیلڈ عملے کی مسلسل موجودگی اور جلوسوں کے راستوں پر درپیش ضروریات کے فوری حل کو سراہا۔ انہوں نے کراچی بھر میں عزاداری کے انتظامات کو بہتر بنانے اور سہولیات کی فراہمی پر واٹر کارپوریشن کا شکریہ ادا کیا۔