سندھ ہائیکورٹ نے مہران یونیورسٹی جامشورو کے ڈین کی تقرری کیخلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔

سندھ ہائیکورٹ نے مہران یونیورسٹی جامشورو کے ڈین کی تقرری کیخلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔ ہائیکورٹ میں مہران یونیورسٹی جامشورو کے ڈین کی تقرری کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست جونیئر افسر کی تقرری کیخلاف پروفیسر ڈاکٹر سید فیروز شاہ نے دائر کی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ حکومتِ سندھ نے 20 اپریل 2026ء کو پروفيسر ڈاکٹر سید فیروز شاہ کو تین سال کے لیے ڈین مقرر کیا تھا۔ 8 جون 2026ء کو ان کی تقرری منسوخ کر کے ڈاکٹر رضوان احمد میمن کو 3 سال کے لیے مقرر کر دیا گیا۔ سینیارٹی لسٹ میں ڈاکٹر رضوان احمد میمن ڈاکٹر فیروز سے جونیئر ہیں۔ ڈاکٹر رضوان اس عہدے کے لیے اہل نہیں ہیں۔ عدالت سے استدعا کی ہے کہ متنازع نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔ عدالت نے تمام فریقین کو نوٹس 7 جولائی کے لیئے جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ درخواست میں حکومتِ سندھ، یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ، پرنسپل سیکریٹری چیف منسٹر سندھ، وائس چانسلر، رجسٹرار مہران یونیورسٹی اور پروفیسر ڈاکٹر رضوان احمد میمن کو فریق بنایا گیا ہے۔

=========================

پاکستان کی کوئی جامعہ دنیا کی 350 بہترین جامعات میں جگہ نہیں بناسکی
19 جون ، 2026FacebookTwitterWhatsapp
کراچی( سید محمد عسکری) جامعات کی درجہ بندی کرنے والے معروف عالمی ادارے کیو ایس (QS) نے دنیا بھر کی جامعات کی درجہ بندی 2027ء جاری کر دی جس کے مطابق اس سال بھی پاکستان کی ایک بھی جامعہ دنیا کی 350 بہترین جامعات میں جگہ بنانے میں ناکام رہی جب کہ 2 وفاقی جامعات قائدِ اعظم یونیورسٹی اور نیشنل یونیورسٹی سائنس و ٹیکنالوجی اپنی گزشتہ برس کی درجہ بندی بھی برقرار نہیں رکھ سکیں۔ قائدِ اعظم یونیورسٹی گزشتہ برس 354 ویں نمبر پر تھی مگر 2027 کی درجہ بندی میں 381 نمبر پر آگئی، اور نیشنل یونیورسٹی سائنس و ٹیکنالوجی (نسٹ) 371 ویں نمبر سے 384 نمبر پر آگئی۔ تاہم پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ایپلائڈ سائنز جو گزشتہ برس 721 نمبر پر تھی اب 560 نمبر پر آگئی جب کہ پنجاب یونیورسٹی 542 ویں نمبر پر تھی جو اب 588 نمبر پر آگئی، یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (LUMS) 555ویں نمبر پر تھی اب 608 نمبر پر آگئی، یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد 654ویں نمبر پر اب 629 نمبر آگئی، کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد 664 ویں نمبر پر تھی اب 639 پر آگئی۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد 691، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ایپلائڈ سائنز 721 ویں نمبر پر رہی، یونیورسٹی آف انجنرننگ اینڈ ٹیکنالوجی لاھور 791, آغا خان یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف پشاور 951, بہاالدین ذکریہ یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف لاھور 1001, رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی, یونیورسٹی آف کراچی، اور یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ منجمنٹ لاھور 1201، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور 1401 نمبر پر رہیں۔ سندھ کی صرف ایک یونیورسٹی جامعہ کراچی دنیا کی 1500 جامعات میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی جب کہ بلوچستان کی کوئ یونیورسٹی جگہ نہیں بنا سکی۔دنیا کی 10 بہترین جامعات میں میساچوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی امریکا پہلے، امپیریل کالج لندن برطانیہ اور اسٹین فورڈ یونیورسٹی امریکا مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر رہیں، جب کہ تیسرا نمبر کسی کو نہیں دیا گیا، یونیورسٹی آف آکسفورڈ برطانیہ چوتھے، ہارورڈ یونیورسٹی امریکا پانچویں، کیمبرج یونیورسٹی برطانیہ چھٹے، کیلیفورنیا انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی امریکا ساتویں، ای ٹی ایچ زیورچ آٹھویں جبہ نواں نمبر کسی کو نہیں دیا گیا اور یو سی ایل لندن آٹھویں نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور دسویں نمبر پر رہیں۔ کیو ایس عالمی درجہ بندی 2027ء میں پاکستان کی 18 جامعات کو عالمی سطح کے 1504 اعلیٰ اداروں میں شامل کیا گیا ہے۔

==========================

اردو یونیورسٹی میں فوری تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی جائے، انجمن اساتذہ
19 جون ، 2026FacebookTwitterWhatsapp
کراچی (اسٹاف رپورٹر) انجمن اساتذہ وفاقی اردو یونیورسٹی عبدالحق کیمپس اور گلشن اقبال کیمپس نے وفاقی اردو یونیورسٹی کے انتظامی بلاک میں پیش آنے والے واقعات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یونیورسٹی کے چانسلر آصف علی زرداری، پرو چانسلر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چئیرمین ڈاکٹر نیاز احمد اختر، وفاقی اردو یونیورسٹی کے ڈپٹی چئیر سینیٹ قاضی شیخ المقتدر سے اپیل کی ہے کہ وائس چانسلر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری کے خلاف سنجیدہ اور شفاف کارروائی کی جائے۔ دونوں انجمنوں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ وائس چانسلر تنخواہوں، پنشن، ہاؤس سیلنگ، بقایاجات اور میڈیکل کی بحالی کے مسئلے پر کراچی میں موجودگی کے دوران سنجیدہ اور معنی خیز مذاکرات سے کنارہ کشی اختیار کرتے رہے۔ اساتذہ اور ملازمین سے گفتگو کرنے کی بجائے انہوں نے گلشن اقبال کیمپس سے اساتذہ سے مذاکرات کئے بغیر واپس جانے کو ترجیح دی۔ اساتذہ اور ملازمین کو امید تھی کہ اسلام آباد روانگی سے قبل وائس چانسلر سنجیدہ مذاکرات کرکے مسائل کے حل کا لائحہ عمل دیں گے۔