
گوادر: یو جی پی آر
ہائیر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کے نیشنل اسکل کمپیٹینسی ٹیسٹ میں یونیورسٹی آف گوادر کی بلوچستان کی جامعات میں پہلی پوزیشن اور ملک بھر میں 36ویں پوزیشن حاصل کرنے کی کامیابی پر جمعرات کے روز وائس چانسلر سیکرٹریٹ میں تقریبِ تشکر منعقد ہوئی، جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد، رجسٹرار ڈاکٹر دولت خان، کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر رحیم بخش مہر، ڈائریکٹر فنانس رحمت اللہ، ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر محمد ارشاد، چیئرمین کمپیوٹر سائنس ڈیپارٹمنٹ عبدالحفیظ اور فیکلٹی و انتظامی افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر کیک کاٹا گیا اور یونیورسٹی کی نمایاں کامیابی پر طلبہ، اساتذہ اور انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی گئی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کہا کہ یہ کامیابی یونیورسٹی کے طلبہ، فیکلٹی اور انتظامی عملے کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے اور امید ظاہر کی کہ یونیورسٹی مستقبل میں بھی قومی سطح پر اپنی بہترین کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی آف گوادر معیارِ تعلیم اور مہارتوں کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔


















































































