کراچی (ایم پی پی میڈیا سیل / اسٹاف رپورٹر)
سابق گورنر سندھ اور “میری پہچان پاکستان” (ایم پی پی) کے روحِ رواں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کے عندیے نے عوام کی نیندیں اڑا دی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر روکا جائے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے حکومت اپنے اخراجات میں کمی کرے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
انہوں نے یہ بات آن لائن خطاب میں ملک بھر کے مختلف شہروں لانڈھی، کورنگی، ملیر، لائنز ایریا، لیاقت آباد، سرگودھا، کوئٹہ، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ (اچھرہ)، ٹنڈو آدم، گمبٹ، قاضی احمد، لاڑکانہ، مورو اور سیہون کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
بین الاقوامی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ معاہدہ مزید تاخیر کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی کا کردار قابلِ ستائش ہے، تاہم دنیا اس وقت شدید بحران کا شکار ہے اور فوری نتائج کی ضرورت ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ تاخیر کی صورت میں خطے میں کشیدگی بڑھ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت ایک نازک مرحلے سے گزر رہا ہے اور ہمیں بطور امن کے سفیر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ “اگر ہم اس موقع پر پیچھے ہٹ گئے تو بڑی جنگ کے خطرات بڑھ جائیں گے، اس لیے دونوں فریقین کو فوری طور پر معاہدہ کرنا چاہیے اور انسانیت کے مفاد کو ترجیح دینی چاہیے۔”
کراچی کے مسائل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے یونیورسٹی روڈ کو “خونی سڑک” قرار دیا اور کہا کہ بھاری ٹریفک، ناقص ٹریفک مینجمنٹ اور حادثات کے باعث یہ سڑک موٹر سائیکل سواروں کے لیے قبرستان بنتی جا رہی ہے۔ انہوں نے بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائم، ڈکیتیوں اور امن و امان کی خراب صورتحال پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
انہوں نے کے ایم سی اور ٹی ایم سی کی کارکردگی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں اور کرپشن ترقی کی سب سے بڑی دشمن بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کو ماڈل سٹی بنایا جا رہا ہے اور پنجاب حکومت کی کارکردگی قابل تعریف ہے، تاہم کراچی کو بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے اور وفاقی حکومت کو اس شہر کے لیے خصوصی پیکیج دینا چاہیے۔
ڈاکٹر عشرت العباد خان نے بیرون ملک قزاقوں کے ہاتھوں مبینہ طور پر یرغمال پاکستانیوں کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ حکومت اس معاملے پر سنجیدگی سے اقدامات کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں لینڈ گریبنگ، غیر قانونی تعمیرات، سرکاری زمینوں پر قبضے، اور قبرستانوں تک میں کرپشن عروج پر ہے۔ پانی، سیوریج، کچرا اٹھانے، ٹرانسپورٹ، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بدانتظامی نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ اوور بلنگ، جعلی چالان، اور سرکاری اداروں میں رشوت ستانی عام ہو چکی ہے جبکہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی محدود ہو چکے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے لیے مرکزی کمیٹی اور ایڈوائزری کونسل کو فعال کیا جا رہا ہے اور تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “میری پہچان پاکستان” نے پورے ملک میں اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا ہے اور جلد بڑے سیاسی اعلانات کیے جائیں گے۔
انہوں نے صدر آصف علی زرداری سے مطالبہ کیا کہ وہ کراچی پر خصوصی توجہ دیں، لینڈ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کریں اور تاجروں و صنعتکاروں کو تحفظ فراہم کریں تاکہ معاشی سرگرمیاں بحال ہو سکیں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ اگر کراچی کے مسائل کو فوری طور پر حل نہ کیا گیا تو عوامی ردعمل مزید شدت اختیار کرے گا، اس لیے حکومت فوری اقدامات کرے، کرپشن کا خاتمہ کرے اور کراچی کو اس کا جائز حق دے تاکہ یہ شہر دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔


















































































