شائقین کی وزیراعظم سے پی ایس ایل پلے آف میچز اسٹیڈیم میں دیکھنے کی اپیل سوشل میڈیا پر سرفہرست

کرکٹ مداحوں کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل سوشل میڈیا پر نمایاں ٹرینڈ بن گئی ہے، جہاں پی ایس ایل پلے آف میچز اسٹیڈیم میں جا کر دیکھنے کی خواہش زور پکڑ رہی ہے۔

#OpenPSLforPublic کے ہیش ٹیگ کے ساتھ صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ شائقین کو صرف فائنل ہی نہیں بلکہ پلے آف میچز بھی اسٹیڈیم میں بیٹھ کر دیکھنے کی اجازت دی جائے۔ سوشل میڈیا پر مداحوں نے وزیراعظم سے پرزور درخواست کی ہے کہ پلے آف مرحلے کے لیے بھی اسٹیڈیم کے دروازے کھولے جائیں۔

پی ایس ایل سیزن 11 کے پلے آف مرحلے کی ٹیموں کا فیصلہ ہو چکا ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ دوسرے نمبر پر آ گئی ہے اور کوالیفائر میں اس کا مقابلہ پشاور زلمی سے ہوگا۔

ایلیمنیٹر میچ میں ملتان سلطانز اور حیدرآباد کنگز آمنے سامنے ہوں گے۔

پاکستان سپر لیگ کا گیارہواں ایڈیشن کامیابی سے اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ پلے آف میچز کا آغاز منگل سے ہوگا جبکہ فائنل 3 مئی کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

وزیراعظم نے فائنل میچ براہ راست دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم شائقین کے لیے کھولنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، جس کے بعد پی سی بی نے ٹکٹوں کی قیمتیں اور فروخت کا شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق آن لائن ٹکٹوں کی فروخت پیر 27 اپریل سے شروع ہوگی جبکہ فزیکل ٹکٹس منگل 28 اپریل سے دستیاب ہوں گے۔

ٹکٹوں کی فروخت کے لیے کوریئر کمپنی کے 18 مراکز مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ قیمتیں انکلوژرز کے لحاظ سے مختلف رکھی گئی ہیں۔ کم از کم ٹکٹ 1500 روپے اور زیادہ سے زیادہ 12 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔

پی سی بی نے شائقین کو ہدایت کی ہے کہ وہ 3 مئی کو فائنل میچ دیکھنے کے لیے شام ساڑھے 6 بجے تک اسٹیڈیم پہنچ جائیں، جبکہ میچ شام 7 بجے شروع ہوگا۔