کراچی کنگز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے با آسانی شکست دے دی اور پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن حاصل کر لی۔
اب کراچی کنگز کی پلے آف میں رسائی دوسرے میچوں کے نتائج پر منحصر ہوگی۔
میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز اسکور کیے۔ ٹیم کی جانب سے رائلی روسو نے شاندار 90 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان سعود شکیل نے 57 رنز بنائے۔
جواب میں کراچی کنگز نے 196 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 18.3 اوورز میں حاصل کر لیا۔ کپتان ڈیوڈ وارنر 89 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جنہوں نے 10 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔ ریزا ہینڈرکس بھی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 87 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، جن کی اننگز میں 8 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔


















































































