
کراچی
مور خہ 20 اپریل 2026
کراچی 20 اپریل ۔ وزیرِ جامعات و تعلیمی بورڈز سندھ محمد اسماعیل راہو نے صدر اور لیاری کے مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا، جہاں امتحانی عمل میں سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئیں. ترجمان کے مطابق لیاری کے نیو ویژن گرامر اسکول میں امیدواروں سے بڑی تعداد میں موبائل فونز اور نقل کا مواد برآمد ہونے پر وزیرِ بورڈز نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین میٹرک بورڈ کو مذکورہ امتحانی مرکز فوری طور پر کینسل کرنے کا حکم دے دیا۔دورے کے دوران بعض امتحانی مراکز میں نقل کی شکایات ہوئیں، جس پر متعلقہ حکام کو سخت ہدایات جاری کی گئیں۔ وزیرِ بورڈز محمد اسماعیل راہو نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ 16 اسکولوں کی 400 سے زائد طالبات کو ایک ہی امتحانی مرکز منتقل کیا گیا، جو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے.محمد اسماعیل راہو کے مطابق دیگر اسکولوں کی طالبات کو لیاری کی بہار کالونی میں قائم ایک سینٹر میں منتقل کیا گیا، جہاں انہوں نے طلبہ کی کاپیاں چیک کیں تو متعدد جوابات حرف بہ حرف ایک جیسے پائے گئے،
جو منظم نقل کی نشاندہی کرتے ہیں۔ محمد اسماعیل راہو نے واضح کیا کہ جن امتحانی مراکز میں نقل کے کیسز سامنے آ رہے ہیں، ان کے خلاف فوری کارروائی کی جا رہی ہے اور ذمہ دار عملے کے خلاف بھی سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ طلبہ کے مستقبل سے کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی کے متعدد امتحانی مراکز پر بجلی کی لوڈشیڈنگ کی شکایات بھی موصول ہوئی ہیں، جن کے حل کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا جائے گا۔وزیرِ جامعات محمد اسماعیل راہو نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ ایمانداری سے امتحانات دیں اور نقل جیسے غیر قانونی عمل سے گریز کریں، کیونکہ یہ نہ صرف ان کے مستقبل بلکہ پورے تعلیمی نظام کو نقصان پہنچاتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ نقل میں ملوث افراد، چاہے وہ عملہ ہو یا دیگر عناصر، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، جبکہ حکومت کسی صورت نقل اور بدعنوانی کو برداشت نہیں کرے گی۔
ہینڈ آؤٹ نمبر 365۔۔۔آئی ایس
ڈائریکٹوریٹ آف پریس انفارمیشن
محکمہ اطلاعات حکومت سندھ فون۔99204401
کراچی
مور خہ 20 اپریل 2026
کراچی 20 اپریل ۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ٹنڈو الہیار اور حیدرآباد کے عوام کے لیے خوشخبری سناتےہوئے اعلان کیا ہے کہ ٹنڈو الہیار سے حیدرآباد کے درمیان پیپلز بس سروس کا باقاعدہ آغاز 22 اپریل سے کیا جا رہا ہے۔ ایک بیان میں سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شکارپور، سکھر کے بعد دوسرے مرحلے میں ٹنڈو الہیار اور حیدرآباد کے درمیان پیپلز بس سروس شروع کی جا رہی ہے، منصوبے سے دونوں شہروں کے درمیان سفر کرنے والے شہریوں کو بڑی سہولت میسر آئے گی اور روزمرہ آمد و رفت میں آسانی پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کا مقصد جدید ٹرانسپورٹ نظام کو مرحلہ وار صوبے کے دیگر اضلاع تک بھی توسیع دینا ہے، جلد ہی مزید شہروں میں بھی اس سروس کا آغاز کیا جائے گا۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز بس سروس نہ صرف آرام دہ سفری سہولت فراہم کرے گی بلکہ جدید تقاضوں کے مطابق محفوظ اور باوقار سفر کو بھی یقینی بنائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ عوام کو معیاری، محفوظ اور سستی سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
ہینڈ آؤٹ نمبر 366۔۔۔۔


















































































