
ضلع قصور کی تازہ خبریں اور اہم واقعات میاں خلیل صدیق آرائیں کی زبانی صرف جیوے پاکستان ڈاٹ کام پر
=================
صور میں مہنگائی بے قابو، پٹرول سستا ہونے کے 3 ہفتے بعد بھی شہری ریلیف سے محروم؛ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک کرنے کا مطالبہ۔قصور ضلع بھر میں مہنگائی آسمان کو چھونے لگی ہے اور حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کیے جانے کے باوجود ضلعی انتظامیہ اس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے میں مکمل ناکام نظر آتی ہے۔ پیٹرول سستا ہوئے تقریباً تین ہفتے گزرنے کے باوجود نہ تو مسافر بسوں اور ویگنوں کے کرایوں میں کوئی کمی کی جا سکی ہے اور نہ ہی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں نیچے آئی ہیں۔ بازاروں میں گیس، دالیں، سبزیاں، چاول، پھل اور بیکری آئٹمز کی قیمتیں تاحال پرانی سطح پر برقرار ہیں جس سے غریب عوام شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔مقامی شہریوں منصب، صدیق اور اللہ دتہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا اور کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں اور روزمرہ کی اشیائ کے نرخوں میں فوری کمی ہونی چاہیے تھی، مگر گراں فروش اور ٹرانسپورٹرز دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ منافع خور عناصر کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے، ضلع بھر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فعال کر کے فیلڈ میں اتارا جائے اور گراں فروشی کے ذمہ داران کو جیلوں میں بند کیا جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔
===============
قصور نجی فیکٹری کے گودام میں شارٹ سرکٹ سے آگ بھڑک اٹھی، جانی نقصان سے بچاؤ۔کوٹ رادھا کشن مانگا رائیونڈ روڈ پر نجی ٹیکسٹائل کے بالمقابل نجی فیکٹری کے دھاگا بنانے والے گودام (بلیو روم) میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ریسکیو ذرائع کے مطابق مشین سے نکلنے والی چنگاری نے گودام میں موجود روئی کی گانٹھوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ ریسکیو 1122 کی گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پولیس کارروائی جاری ہے۔
=================
قصور مصطفیٰ آباد نہر میں نہاتے ہوئے 16 سالہ نوجوان ڈوب گیا، تلاش جاری۔مصطفیٰ آباد میں نہر میں نہاتے ہوئے 16 سالہ لڑکا ڈوب کر لاپتہ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق دو بھائی ریحان نجی واٹر پاک کے قریب نہر پر نہانے آئے تھے کہ 16 سالہ عبدالرحمن گہرے پانی میں ڈوب گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ڈوبنے والے نوجوان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گرمی کے موسم میں نہروں میں نہانے سے مکمل گریز کریں۔
============
قصور کوٹ رادھا کشن ثنائ کالونی سے معمر شخص کی لاش برآمد۔کوٹ رادھا کشن ثنائ کالونی میں ایک گھر سے 65 سالہ معمر شخص کی لاش ملی ہے۔ متوفی محمد اکبر گھر میں اکیلا رہتا تھا اور نشے کا عادی تھا۔ موت اتفاقیہ معلوم ہوتی ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے وارثان کو اطلاع دے دی ہے۔
===============
قصور گنڈا سنگھ والا میں آوارہ کتوں کی بھرمار، دو معصوم بچے لہولہان۔گنڈا سنگھ والا کے علاقوں میں آوارہ کتوں نے اودھم مچا دیا، رجی والا کے قریب آوارہ کتے نے 10 سالہ فیضان کے ہاتھ پر کاٹ کر اسے شدید زخمی کیا، جبکہ کھریپڑ ہٹھاڑ میں 5 سالہ معصوم بچی زینب کو کتے نے بازو پر کاٹ کر مضروب کر دیا۔ دونوں بچوں کو فوری طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو بلھے شاہ ہسپتال قصور منتقل کر دیا گیا ہے۔
=================
قصور چٹھیانوالا میں موٹر سائیکل ٹکرانے کے تنازع پر فائرنگ، 3 افراد زخمی۔ تھانہ مصطفےٰ آباد کے گاؤں چٹھیانوالا میں دو گروپوں کے درمیان معمولی تکرار پر فائرنگ سے3 افراد زخمی ہو گئے۔ دو روز قبل موٹر سائیکل ٹکرانے پر بچوں میں تکرار ہوئی تھی، جس کی رنجش میں شوکت اور افضل میو کے گروپس میں رات گئے لڑائی اور فائرنگ ہو گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں فریق اول کا 17 سالہ ذیشان اور فریق دوم کے ساجد اور امجد معمولی زخمی ہو گئے، پولیس مصروفِ تفتیش ہے۔
================
قصور گھریلو ناچاقی پر کھڈیاں میں 20 سالہ دوشیزہ کی زہر خورانی سے موت۔کھڈیاں خاص کے علاقے محلہ باغ والا (مرالی چوک) میں گھریلو ناچاقی سے دلبرداشتہ ہو کر 20 سالہ دوشیزہ معصومہ بی بی دختر عبدالقدوس نے زہریلی چیز کھا لی۔ حالت تشویشناک ہونے پر اسے فوری طور پر جنرل ہسپتال لاہور ریفر کیا گیا تھا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکی۔ مقامی پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔
===================
قصور کوٹ رادھا کشن میں 11 سالہ بچے سے بدفعلی کی کوشش۔کوٹ رادھا کشن کے علاقے پیمار اوتاڑ میں17 سالہ ملزم شہباز نے پڑوس کے 11 سالہ معصوم بچے عبداللہ کو بدفعلی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ مقامی پولیس واقعے کی اطلا پاکر موقع پر پہنچی ہے جو ملزم کی گرفتاری کے لیے مصروفِ کارروائی ہے۔
=================
قصور ضلع بھر میں مختلف ٹریفک حادثات کے دوران کامرس کالج چونیاں کے ٹیچر سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق بائی پاس چونیاں پر پٹرولنگ چوکی بھیمکے کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار کامرس کالج چونیاں کے استاد امانت علی شاکر شدید زخمی ہو گئے، جن کا پاؤں فریکچر ہو گیا، انہیں تشویشناک حالت میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چونیاں منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ دوسرے واقعے میں مصطفےٰ آباد کے علاقے سرہالی کٹ کے قریب روڈ کراس کرتے ہوئے 15 سالہ نوجوان حسن ولد ابوبکر کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے ہٹ کیا اور فرار ہو گیا، ریسکیو 1122 نے زخمی کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو بلھے شاہ ہسپتال قصور منتقل کر دیا۔
=====================
قصور سنا کالونی کوٹ رادھا کشن میں 60 سے 65 سالہ بزرگ کی لاش گھر میں مردہ حالت میں ملی ہے۔ مرحوم محمد اکبرمیو سنا کالونی کے رہائشی تھے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق وہ اکیلے رہتے تھے اور نشے کا عادی تھے۔ گزشتہ روز ان کی لاش گھر کے اندر ملی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔ موت کی اصل وجہ کا تعین ابھی باقی ہے۔
====================
قصور کوٹ رادھا کشن میں کمسن بچی سے اوباش کزن کی مبینہ زیادتی کی کوشش ، ۔ گزشتہ روز احمدرحمانی، رہائشی محلہ جج والا نے اپنی 8 سالہ کزن ثانیہ بیٹی اشرف، رہائشی روسہ کو نجی کلینک کے قریب چھک 55 روڈ پر اپنی دکان پر لے جا کر اس کے ساتھ زنا بالجبر کی کوشش کی۔ واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد یہ بات سامنے آئی۔ مقامی پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔
====================
قصور بلائنڈ مرڈر کیس ٹریس کرنے پر ایس ایچ او سٹی پتوکی کے لیے آئی جی پنجاب کا تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام؛ ڈی پی او قصور نے نوازا۔ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان نے اپنے دفتر میں ایس ایچ او سٹی پتوکی سب انسپکٹر اشفاق احمد کو ان کی بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی پر آئی جی پنجاب عبدالکریم کی جانب سے جاری کردہ تعریفی سرٹیفکیٹ (CC-I) اور نقد انعام سے نوازا۔ ایس ایچ او اشفاق احمد نے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے ایک انتہائی پیچیدہ بلائنڈ مرڈر کیس کو کامیابی سے ٹریس کیا تھا، جس پر آئی جی پنجاب کی جانب سے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔اس موقع پر ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان نے ایس ایچ او سٹی پتوکی کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران اسی جذبے، محنت، ایمانداری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں تاکہ شہریوں کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط ہو سکے اور ضلع بھر میں امن و امان کی فضا برقرار رہے۔
====================
قصور کنگن پور پولیس کی بڑی کارروائی، 3 بدنام زمانہ منشیات فروش گرفتار، بھاری مقدار میں ہیروئن، چرس اور شراب برآمد۔ ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان کی قیادت میں ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران تھانہ کنگن پور پولیس نے ایس ایچ او غازی کامران شہزاد کی سربراہی میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 3 بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے کنگن پور کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر ڈھڈیاں کے رہائشی ملزم لطیف خاں سے ایک کلوگرام سے زائد ہیروئن، محمود کھوکھر کے رہائشی ملزم ملک نصیر سے 2 کلوگرام سے زائد چرس اور ایک عدد پسٹل، جبکہ کنگن پور کے رہائشی ملزم محمد احمد سے 22 لیٹر زہریلی شراب برآمد کر لی۔پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان عرصہ دراز سے کنگن پور اور اس کے گردونواح میں منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث تھے اور نئی نسل کی رگوں میں زہر گھول کر انہیں تباہ کر رہے تھے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف امتناع منشیات کی دفعات کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ ڈی پی او قصور کا کہنا ہے کہ ضلع کو منشیات سے پاک کرنے تک بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔


















































































