امریکی پیزا کمپنی ڈومینوز نے اعلان کیا ہے کہ وہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران ایک خصوصی پروموشن کے تحت 10 لاکھ امریکی ڈالر مالیت کے مفت پیزے شائقین میں تقسیم کرے گی۔
یہ پیشکش اس وقت فعال ہوگئی جب امریکہ کے فارورڈ فولارن بالوگن کو بوسنیا اور ہرزیگووینا کے خلاف میچ میں ریڈ کارڈ دکھائے جانے کے بعد میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔
ڈومینوز نے اس مہم کا اعلان ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل مئی میں کیا تھا۔ کمپنی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اگر ورلڈ کپ کے دوران امریکی ٹیم کے کسی کھلاڑی کو ریڈ کارڈ ملا تو مداحوں کو “ایمرجنسی پیزا” آفر کے تحت مفت پیزا دیا جائے گا تاکہ شائقین کی مایوسی کسی حد تک کم کی جا سکے۔
کمپنی کے مطابق اس مہم کے تحت 60 ہزار سے زائد درمیانے سائز کے پیزے مفت تقسیم کیے جائیں گے، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 10 لاکھ امریکی ڈالر بنتی ہے۔
بوسنیا اور ہرزیگووینا کے خلاف میچ میں فولارن بالوگن نے امریکہ کی جانب سے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ایک گول بھی کیا، تاہم دوسرے ہاف میں ریڈ کارڈ ملنے پر انہیں میدان چھوڑنا پڑا۔ اس کے باوجود امریکی ٹیم نے اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
امریکی شائقین اس آفر سے فائدہ اٹھا سکیں گے، تاہم مفت پیزا صرف انہی افراد کو دیا جائے گا جنہوں نے 10 جون سے پہلے ڈومینوز کی ویب سائٹ پر رجسٹریشن مکمل کی تھی اور کمپنی کے ریوارڈز پروگرام میں شامل ہوئے تھے۔
ڈومینوز کا کہنا ہے کہ “ایمرجنسی پیزا” مہم کا مقصد بڑے کھیلوں کے مقابلوں کو مزید دلچسپ بنانا اور غیر متوقع لمحات میں شائقین کو ایک منفرد انعام فراہم کرنا ہے۔


















































































