عطائی ڈاکٹروں اور غیر لائسنس یافتہ میڈیکل اسٹورز کے خلاف موثر کریک ڈاون شروع کر دیا کارروائی کے دوران آٹھ عطائی ڈاکٹروں کے کلینکس کو سیل کر دیا گیا، جبکہ صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور لائسنس پیش نہ کرنے پر تین میڈیکل اسٹورز مالکان کے خلاف بھی کارروائی

نصیرآباد iیکم جولائی ۔ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر بہادر خان کھوسہ نے عطائی ڈاکٹروں اور غیر لائسنس یافتہ میڈیکل اسٹورز کے خلاف موثر کریک ڈاون شروع کر دیا کارروائی کے دوران آٹھ عطائی ڈاکٹروں کے کلینکس کو سیل کر دیا گیا، جبکہ صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور لائسنس پیش نہ کرنے پر تین میڈیکل اسٹورز مالکان کے خلاف بھی کارروائی کی گئی اور انہیں سختی سے ہدایت کی گئی کہ اپنے ڈرگ لائسنس فوری طور پر متعلقہ حکام کے سامنے پیش کریں بصورت دیگر ان کے میڈیکل اسٹورز بھی سیل کر دیے جائیں گے اس موقع پر سینئر ڈرگ انسپیکٹر ڈاکٹر اعجاز علی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ظاہر حسین عمرانی، فارماسسٹ غلام نبی پندرانی اور سید سجاد شاہ بھی موجود تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر بہادر خان کھوسہ نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کی جانب سے واضح ہدایات دی گئی کہ عوام کی جان و صحت کے ساتھ کھیلنے والے عطائی ڈاکٹروں اور غیر قانونی طور پر ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہا انہوں نے میڈیکل اسٹورز مالکان کو سختی سے ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنائیں زائد المعیاد ادویات کی فروخت سے مکمل اجتناب کریں اور تمام قانونی تقاضے پورے کریں، کیونکہ عوام کو محفوظ اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی اور اس معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5251/2026
چمن یکم جولائی ۔ڈپٹی کمشنر چمن، حبیب احمد بنگلزئی کی زیرِ صدارت گورنمنٹ ماڈل ہائیر سیکنڈری سکول چمن میں نئے سکول یونیفارم کی افتتاحی تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی۔تقریب کے آغاز میں سکول کے ہیڈ ماسٹر نے ادارے میں جاری تدریسی سرگرمیوں، اساتذہ کی کارکردگی، طلبہ کی حاضری، تعلیمی نظم و ضبط اور سکول کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر چمن کو تفصیلی بریفنگ دی۔واضح رہے کہ چند روز قبل ڈپٹی کمشنر چمن نے سکول کے دورے کے دوران پرائمری سطح کے طلبہ کے لیے مفت یونیفارم فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اسی اعلان پر عمل درآمد کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ چمن کی جانب سے 500 سے زائد نئے سکول یونیفارمز فراہم کیے گئے، جبکہ طلبہ کی حوصلہ افزائی اور اس اقدام کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے آج باقاعدہ افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی اور سکول کے ہیڈ ماسٹر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ کے ساتھ طلبہ میں نظم و ضبط، یکسانیت، اعتماد اور مثبت تعلیمی ماحول کے قیام میں سکول یونیفارم اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکساں یونیفارم طلبہ میں مساوات، احساسِ ذمہ داری اور خود اعتمادی کو فروغ دیتا ہے، جبکہ تعلیمی ادارے کی شناخت اور وقار میں بھی اضافہ کرتا ہے۔ڈپٹی کمشنر چمن نے گورنمنٹ ماڈل ہائیر سیکنڈری سکول چمن کے طلبہ کے نئے جوش، جذبے اور نئے یونیفارم کو سراہتے ہوئے سکول کے ہیڈ ماسٹر، اساتذہ اور طلبہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں مزید محنت، دیانتداری اور لگن کے ساتھ انجام دیں تاکہ طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے طلبہ کو بھی تلقین کی کہ وہ نظم و ضبط کی پابندی کریں، اساتذہ کا احترام کریں اور تعلیم کے حصول پر بھرپور توجہ دیں تاکہ مستقبل میں ملک و قوم کے مفید شہری بن سکیں۔تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر چمن نے نئے سکول یونیفارمز کا معائنہ کیا، سکول انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ چمن تعلیمی اداروں کی بہتری، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر5252/2026
جعفرآبادیکم جولائی ۔ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ریونیو کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تحصیلدار جھٹ پٹ عبدالغنی چاچڑ، نائب تحصیلدار جھٹ پٹ سلطان کھوسہ، قانو نگو فخر الدین عمرانی اور دیگر ریونیو افسران و عملے نے شرکت کی۔ اجلاس میں ریونیو امور، سرکاری اراضی کے تحفظ، ریکارڈ کی درستگی، وصولیوں کی صورتحال اور عوام کو ریونیو خدمات کی بروقت فراہمی سے متعلق مختلف معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر خالد خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ریونیو سے وابستہ تمام امور کو قانون کے مطابق شفاف انداز میں انجام دیا جائے، سرکاری ریکارڈ کو مکمل اور درست رکھا جائے، جبکہ عوامی مسائل کے حل اور حکومتی ہدایات پر موثر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿