
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے واٹر ٹینکرز کے نرخوں میں اضافے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے کی جانب سے واٹر ٹینکرز کی قیمتوں میں اضافے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی عملی اقدام کیا جا رہا ہے۔ وٹر کارپوریشن کے جاری کردہ بیان کے مطابق بعض حلقوں کی جانب سے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ واٹر ٹینکرز کے نئے نرخ مقرر کرنے کے لیے کوئی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، تاہم یہ اطلاعات بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں۔ حکام نے واضح کیا کہ واٹر ٹینکرز کے موجودہ نرخوں کا ازسرِنو جائزہ لینے یا نئے نرخ تجویز کرنے کے لیے نہ کوئی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور نہ ہی اس سلسلے میں کوئی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر ایندھن اور دیگر آپریشنل اخراجات میں نمایاں اضافے کے باوجود واٹر کارپوریشن نے شہری مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے واٹر ٹینکر سروس کے نرخوں میں اضافہ نہیں کیا۔ میئر کراچی کی خصوصی ہدایات کے تحت شہریوں کو بدستور پرانے سرکاری نرخوں پر واٹر ٹینکرز فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام پر اضافی مالی بوجھ نہ پڑے۔ واٹر کارپوریشن حکام کے مطابق ادارہ شہریوں کو سستی، شفاف اور مؤثر خدمات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ اس حوالے سے صرف ادارے کے سرکاری اعلامیوں کو ہی مستند تصور کیا جانا چاہیے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی کہ واٹر ٹینکرز کے نرخوں یا دیگر انتظامی امور سے متعلق غیر مصدقہ خبروں پر توجہ نہ دی جائے اور کسی بھی اطلاع کی تصدیق کے لیے ادارے کے سرکاری ذرائع سے رجوع کیا جائے۔


















































































