گاؤں اور سرکاری جھیل کی زمین پر مبینہ قبضہ کرکے بند تعمیر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور انہیں تحفظ فراہم کرتے ہوئے ان کے روزگار کے ذریعے کو محفوظ بنایا جائے


گھارو (جے پی) میرپور ساکرو کے قریب چھچھ میرانخور جھیل کے کنارے واقع گاؤں محمد قاسم منچھرو ملاح کے رہائشی ماہی گیر شفیع محمد منچھرو ملاح کو مبینہ طور پر میرپور ساکرو پولیس بااثر افراد کے کہنے پر گاؤں کے قریب سے ایک نجی کار میں اپنے ساتھ لے گئی، جس کے باعث ان کے اہلِ خانہ شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ ورثا نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کہیں پولیس بااثر افراد کے دباؤ پر شفیع محمد منچھرو ملاح کو نقصان نہ پہنچائے یا ان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج نہ کر دے۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے بااثر افراد ان کے روزگار کے واحد ذریعے، چھچھ میرانخور جھیل، اور ان کے گاؤں کی زمین پر زبردستی قبضہ کرکے انہیں ان کے اپنے گھروں سے بے دخل کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ اب بھاری مشینری کے ذریعے جھیل کی سرکاری زمین پر بند تعمیر کرکے اس پر بھی قبضہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ شفیع محمد منچھرو ملاح نے ان مبینہ زیادتیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے آواز بلند کی تھی، جسے دبانے کے لیے بااثر افراد نے میرپور ساکرو پولیس کے ذریعے انہیں گرفتار کروا دیا، جو ان کے ساتھ بڑی ناانصافی ہے۔ متاثرہ خاندان نے سیشن جج ٹھٹھہ، ایس ایس پی ٹھٹھہ اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے، بے گناہ گرفتار شفیع محمد منچھرو ملاح کو فوری طور پر رہا کیا جائے، بااثر افراد کی مبینہ زیادتیوں سے نجات دلائی جائے، گاؤں اور سرکاری جھیل کی زمین پر مبینہ قبضہ کرکے بند تعمیر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور انہیں تحفظ فراہم کرتے ہوئے ان کے روزگار کے ذریعے کو محفوظ بنایا جائے۔