شہید اللہ بخش سومرو (سيبس) یونیورسٹی آف آرٹ، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیجز جامشورو کا سنڈیکیٹ کا 8واں اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ارابیلا بھٹو کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

سيبس یونیورسٹی جامشورو کا 8واں سنڈیکیٹ اجلاس، اہم تعلیمی، مالی اور ترقیاتی امور کی منظوری
جامشورو (29 جون 2026ء): شہید اللہ بخش سومرو (سيبس) یونیورسٹی آف آرٹ، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیجز جامشورو کا سنڈیکیٹ کا 8واں اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ارابیلا بھٹو کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں یونیورسٹی سے متعلق مختلف اہم تعلیمی، انتظامی، مالی اور ترقیاتی امور پر غور کیا گیا اور ان کی منظوری دی گئی۔ سنڈیکیٹ نے 29 اپریل 2026ء کو منعقد ہونے والے اپنے 7ویں اجلاس کی کارروائی کے منٹس کی توثیق کی اور گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں 7ویں سنڈیکیٹ اجلاس کے بعد وائس چانسلر کی جانب سے کیے گئے اقدامات اور دیگر امور پر بھی غور کیا گیا اور انہیں منظور کیا گیا۔ اس کے علاوہ فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے 9ویں اجلاس کی کارروائی اور سفارشات کو بھی زیر غور لا کر منظور کیا گیا۔
سنڈیکیٹ نے ”کاؤنٹنگ آف سروس کمیٹی“ کی سفارشات کی منظوری دی، جس کے تحت سيبس یونیورسٹی جامشورو میں منتقل کیے گئے فیکلٹی ممبران کی سروسز کے تسلسل سے متعلق امور کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ترقیاتی منصوبے کے حصول اور منظوری کے لیے ہائیر ایجوکیشن کمیشن (هيک) اسلام آباد کو پی سی- چار جمع کرانے کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے دوران ڈائریکٹر فنانس عمران نور نے یونیورسٹی کے مالی بجٹ 2025-26ء اور 2026-27ء کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ جبکہ انجینئر مکیش کمار نے مختلف جاری منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے سنڈیکیٹ کو آگاہ کیا اور یونیورسٹی کے مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ پیش کی۔
اجلاس میں سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز، حکومت سندھ محمد عباس بلوچ، ڈائریکٹر مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن (ايم اينڈ اِی)، ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد نوید حسین شاہ، سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی نامزد نمائندہ ندیرہ پنجوانی، سنڈیکیٹ ممبر خالد محمود سومرو، آرکیٹیکٹ فریال سکندر اور آرکیٹیکٹ ماروی مظهر، ڈائریکٹر فنانس عمران نور، ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل ڈاکٹر شبینہ شیخ، قائم مقام رجسٹرار محمد سلیمان بھٹو، انجینئر مکیش کمار اور سنڈیکیٹ ممبران محمد سلیم جھتیال، فہد شمس نظامانی، عظمیٰ آريسر، راج کمار اور چندر کمار نے شرکت کی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ارابیلا بھٹو نے اجلاس کے تمام اراکین کے تعاون اور کردار کو سراہتے ہوئے ادارہ جاتی نظم و نسق، تعلیمی معیار، مالیاتی نظم و ضبط اور ترقیاتی اقدامات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔