لیاری کو پانی فراہم کرنے والی مرکزی لائن سے ایئر نکالنے کا عمل تیزی سے جاری، آئندہ 48 گھنٹوں میں مکمل ہونے کا امکان

کراچی(اسٹاف رپورٹر)واٹر کارپوریشن کی جانب سے لیاری کو پانی فراہم کرنے والی 24 انچ قطر کی مرکزی واٹر لائن سے ایئر نکالنے (Air Removal) کا عمل ہنگامی بنیادوں پر تیزی سے جاری ہے۔ واٹر کارپوریشن کے حکام کے مطابق مذکورہ واٹر لائن حسن اسکوائر کے قریب متاثر ہونے کے باعث لیاری ٹاؤن میں پانی کی فراہمی متاثر ہوئی تھی۔ انہون نے بتایا کہ واٹر کارپوریشن کی تکنیکی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ لائن کی مرمت کا کام کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ مرمتی کام کی تکمیل کے بعد اب لائن سے ایئر نکالنے کا مرحلہ جاری ہے، جو پانی کی روانی اور نظام کی مکمل بحالی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو درپیش مشکلات کم کرنے کے لیے متاثرہ لائن سے منسلک تین پمپنگ اسٹیشنز میں سے ایک پمپنگ اسٹیشن کو فعال رکھا گیا ہے، جس کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام کے مطابق لائن سے ایئر نکالنے کا عمل آئندہ 48 گھنٹوں میں مکمل ہونے کی توقع ہے، جس کے بعد لیاری ٹاؤن میں پانی کی فراہمی مرحلہ وار مکمل طور پر بحال ہو جائے گی۔