نیدرلینڈز میں پاکستان رائس فیسٹیول 2026 کامیابی سے منعقد

نیدرلینڈز میں پاکستان رائس فیسٹیول 2026 کامیابی سے منعقد ہوا جس میں یورپ بھر سے 100 سے زائد کاروباری اور غذائی شعبے کے نمائندگان نے شرکت کی۔ فیسٹیول میں پاکستانی باسمتی چاول کی اعلیٰ معیار کی اقسام کو بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی جبکہ یورپی درآمد کنندگان، ریٹیلرز اور معروف شیفس نے اس کے ذائقے اور معیار کو سراہا۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے فیسٹیول کے کامیاب انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بین الاقوامی تجارتی ایونٹس پاکستانی برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورپی منڈیوں میں پاکستانی باسمتی چاول کی بڑھتی ہوئی طلب ملکی برآمدی شعبے کی کامیابی کا مظہر ہے۔

وزیر تجارت نے سفیرِ پاکستان سید حیدر شاہ، ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر شفیق حیدر ورک اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان عالمی منڈیوں میں پاکستانی زرعی و غذائی مصنوعات کی رسائی بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔

جام کمال خان نے یورپی سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت بھی دی۔ نیدرلینڈز اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 1.94 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے اور پاکستان و یورپی ممالک کے درمیان تجارتی روابط کے فروغ سے برآمدات اور سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہوگا۔