
پریس ریلیز
پاکستان ڈاؤن سنڈروم ایسوسی ایشن (PDSA) کی جانب سے ملیر، کراچی میں معذور افراد میں معاون آلات کی تقسیم
کراچی: پاکستان ڈاؤن سنڈروم ایسوسی ایشن (PDSA) نے محکمہ بااختیار افرادِ باہم معذوری (DEPD)، حکومتِ سندھ کے تعاون سے نصرت ٹرسٹ ووکیشنل سینٹر، میمن گوٹھ، ضلع ملیر کراچی میں معاون آلات (Assistive Devices) کی تقسیم کی تقریب کا انعقاد کیا۔
تقریب کے دوران معذور افراد میں مختلف معاون آلات تقسیم کیے گئے جن میں ٹرائی موٹر بائیکس، ٹرائی سائیکلز، الیکٹرک وہیل چیئرز، مینوئل وہیل چیئرز، سی پی چیئرز، اسٹینڈیز، کموڈ چیئرز، واکرز، سماعتی آلات (Hearing Aids)، بیساکھیاں، سفید چھڑیاں اور دیگر نقل و حرکت میں معاون آلات شامل تھے۔
تقریب میں اعتبار علی برڑو، ایڈیشنل سیکریٹری DEPD، فرمان علی ٹانوری، ریجنل ڈائریکٹر DEPD کراچی ریجن، سمیر علی بلوچ، اسسٹنٹ کمشنر گڈاپ میمن گوٹھ، عابد لاشاری، تمغۂ امتیاز، چیف ایگزیکٹو آفیسر PDSA، طارق حسین چنڑ، زین العابدین انصاری، انچارج نصرت ٹرسٹ ووکیشنل سینٹر اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاون آلات معذور افراد کی نقل و حرکت، خودمختاری اور معاشرتی شمولیت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کے باعث بہت سے معذور افراد ایسے آلات خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے، اسی لیے حکومتِ سندھ محکمہ DEPD کے ذریعے ہر سال بجٹ مختص کرتی ہے تاکہ صوبہ بھر میں مستحق افراد کو یہ آلات مفت فراہم کیے جا سکیں۔
مقررین نے معذور افراد کو بااختیار بنانے اور انہیں معاشرے میں مکمل اور باعزت شرکت کے مواقع فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
معاون آلات حاصل کرنے والے افراد نے DEPD، حکومتِ سندھ اور PDSA کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خوشی، دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اس اقدام کو اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے والا قرار دیا۔


















































































