
رپورٹ محمد عاشق پٹھان
سیپکو عملداروں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے والا شہری بجلی چور نکلا، اضافی تار کے زریعے ڈائریکٹ لائن استعمال کرکے بجلی چوری کرنے پر ملزم فہد نواز قریشی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا تفصیلات کے مطابق ایگزیکٹو انجینئر سیپکو سٹی ڈویژن لاڑکانہ سید شاہد شاہ کی ہدایت پر سیپکو کی جانب سے بجلی چوری کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں، اسی سلسلے میں سب ڈویژن سیپکو ایمپائر روڈ کے سب ڈویژنل آفیسر نوید میمن نے حیدری تھانے میں درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا کہ معمول کی چیکنگ کے دوران او پی ایف کالونی کے رہائشی فہد نواز ولد احمد نواز قریشی کو بجلی کے میٹر کے علاوہ اضافی ڈائریکٹ لائن کے ذریعے غیر قانونی طور پر بجلی استعمال کرتے ہوئے پایا گیا

درخواست پر حیدری پولیس نے بجلی چوری کی دفعہ 462-I کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، ایف آئی آر کے مطابق ملزم بجلی کی غیر قانونی کھپت میں ملوث پایا گیا جس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا،


سیپکو افسران کے مطابق مذکورہ ملزم ماضی میں سیپکو اہلکاروں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے اور اس حوالے سے ویڈیوز سوشل میڈیا خصوصا فیس بک پر شیئر کرنے کے الزامات کا بھی سامنا کر رہا ہے جبکہ حالیہ کارروائی میں وہ خود بجلی چوری میں ملوث پایا گیا
ایگزیکٹو انجینئر سید شاہد شاہ نے کہا کہ بجلی چوری قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے، اس لیے بجلی چوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ بجلی کے غیر قانونی استعمال سے گریز کریں اور قانون پر عمل درآمد میں متعلقہ اداروں سے تعاون کریں


















































































