
لاہور – وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ پنجاب نے لاہور کے الحمرا آرٹس کونسل میں “میگا شوکیس 2026” کا انعقاد کیا۔تقریب میں پنجاب بھر سے خواتین نے اپنی صلاحیتوں، ہنر اور کامیابیوں کا مظاہرہ کیا۔ ایونٹ کا محور خواتین کی خودمختاری، کاروباری ترقی، ہنر سازی اور معاشی ترقی تھا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز کی جانب سے 10 نوجوان خواتین کاروباری خواتین کو اپنے اسٹارٹ اپ کے لیے 10 لاکھ روپے سیڈ فنڈنگ اور ڈیجیٹل پروگرامز میں شامل طالبات کو لیپ ٹاپ دیے گئے۔ فی میل یوتھ پچ مقابلے میں 450 کاروباروں کو پیچھے چھوڑ کر بیک تھیوری نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔تقریب میں خواتین کاروباری شخصیات، کاریگروں اور ہنر مند پیشہ ور افراد
نے اپنے پروڈکٹس اور کامیابی کی کہانیاں پیش کیں، جو حکومت کی جانب سے خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے عزم کا عملی مظاہرہ تھیں۔تقریب کے مہمان خصوصی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ خواتین کی معاشی خودمختاری پائیدار قومی ترقی اور سماجی بہتری کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے خواتین کو ڈیجیٹل مہارتوں اور معاشی آزادی کے راستے فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔تقریب میں 200 نمایاں طالبات میں ان کی شاندار کارکردگی پر لیپ ٹاپ اور نقد انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔میگا شوکیس 2026 نے اس عزم کو اجاگر کیا کہ پنجاب کی خواتین نہ صرف معیشت میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں بلکہ ایک روشن اور خودمختار مستقبل کی تشکیل بھی کر رہی ہیں۔


















































































