جامعہ کراچی کے پروفیسر ہائر ایجوکیشن اکیڈمی کی سینئر فیلومنتخب

جامعہ کراچی کے پروفیسر ہائر ایجوکیشن اکیڈمی کی سینئر فیلومنتخب

پروفیسر غلام مشرف ماس اسپیکٹرو میٹری کے معروف سائینسدان ہیں، بین الاقوامی مرکزکا بیان

ہائر ایجوکیشن اکیڈمی کی سینئر فیلوشپ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ پیشہ ورانہ اعزاز ہے

کراچی:۔ جامعہ کراچی کے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) کے پروفیسر ڈاکٹر سید غلام مشرف کو اعلیٰ تعلیم میں تدریس اور تعلیمی معاونت کے لیے پروفیشنل اسٹینڈرڈز فریم ورک کے تحت نمایاں خدمات کے اعتراف میں پاکستان میں ہائر ایجوکیشن اکیڈمی (ایس ایف ایچ ای اے) کی سینئر فیلوشپ کے منصب پر فائز کیا ہے۔

آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق ہائر ایجوکیشن اکیڈمی کی سینئر فیلوشپ ایک باوقار اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ پیشہ ورانہ اعزاز ہے جو ایڈوانس ایچ ای کی جانب سے اعلیٰ تعلیم کے تجربہ کار ماہرین کو دیا جاتا ہے۔ یہ اعزاز اُن افراد کو دیا جاتا ہے جو تدریس، تعلیمی قیادت، اور دیگر تدریسی عملے کی رہنمائی و معاونت میں مستقل اور مؤثر کردار ادا کرتے ہیں۔ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد رضا شاہ نے پروفیسر غلام مشرف کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے نہ صرف اُن کے لیے بلکہ ادارے کے لیے بھی ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔

واضح رہے کہ پروفیسر غلام مشرف ماس اسپیکٹرو میٹری کے ممتاز ماہر ہیں۔ انہیں پاکستان میں ماس اسپیکٹرو میٹری کی جدید تحقیقی لیبارٹری قائم کرنے کا اعزاز حاصل ہے، جبکہ انہوں نے بایومارکر تحقیق خصوصاً میٹابولومکس اور پروٹیومکس کے شعبوں میں نمایاں اور تاسیسی خدمات انجام دی ہیں۔ ان کی تحقیق انسانی صحت سے متعلق مسائل، بالخصوص بیٹا تھیلیسیمیا کے مریضوں کے علاج پر مرکوز رہی ہے، جس کے لیے انہوں نے دنیا بھر کے معالجین کے ساتھ اشتراک بھی کیا۔

پروفیسر غلام مشرف300سے زائد تحقیقی مقالات شائع کر چکے ہیں، جن کا مجموعی جرنل امپیکٹ فیکٹر1300سے زائد اور ایچ انڈیکس46ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے متعدد کتابی ابواب اور ایڈیٹ شدہ کتب بھی تحریر کی ہیں۔ انہیں امریکی پیٹنٹس بھی حاصل ہیں اور وہ تمغہئ امتیاز سمیت کئی قومی و بین الاقوامی اعزازات حاصل کر چکے ہیں۔ انہیں پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کی جانب سے دو گولڈ میڈلز، یعنی کیمیکل و فارماسیوٹیکل سائنسز گولڈ میڈل اور پروفیسر عطا الرحمٰن ینگ سائنٹسٹ گولڈ میڈل سے بھی نوازا جا چکا ہے، پروفیسر غلام مشرف ایشین اکیڈمی آف سائنسز کے اکیڈمیشن، کیمیکل سوسائٹی آف پاکستان، رائل سوسائٹی آف بایولوجی برطانیہ (ایف آر ایس بی)، رائل سوسائٹی آف پبلک ہیلتھ اور رائل سوسائٹی آف کیمسٹری برطانیہ (ایف آر ایس سی) کے فیلو بھی ہیں، جبکہ ٹی وائی اے این، جی وائی اے اور پی اے ایس کے منتخب رکن بھی ہیں۔ اب تک وہ50سے زائد پی ایچ ڈی اسکالرز کی نگرانی کر چکے ہیں جن میں ایچ ای سی کے متعدد انڈیجینس پی ایچ ڈی اسکالرز بھی شامل ہیں۔ پروفیسر غلام مشرف کو جامعہ کراچی کی جانب سے ڈاکٹر آف سائنس (ڈی ایس سی)کی سند بھی حاصل ہوئی ہے جبکہ اسلامک ڈیولپمنٹ بینک، نیشنل آئی سی ٹی آر اینڈ ڈی فنڈ اور کئی دیگر عالمی اداروں سے مسابقتی تحقیقی گرانٹس بھی حاصل کی ہیں۔