
رپورٹ: شاہد ملک
لزبن، پرتگال
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے لیے ایک اور اعزاز کی بات ہے کہ منہاج یونیورسٹی لاہور اور منہاج القرآن انٹرنیشنل یورپ کا ایک ممتاز وفد پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں منعقد ہونے والی Academic Council on the United Nations System (ACUNS) کی 39ویں سالانہ بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کر رہا ہے۔

یہ عالمی کانفرنس یکم سے 3 جولائی 2026 تک Universidade NOVA de Lisboa میں منعقد ہو رہی ہے، جس میں دنیا بھر سے ممتاز ماہرینِ تعلیم، پالیسی ساز، سفارت کار، محققین اور بین الاقوامی امور کے ماہرین شریک ہیں۔ کانفرنس کا مرکزی موضوع “Multilateralism Under Challenge and the Future of the Pact” یعنی “کثیرالجہتی نظام کو درپیش چیلنجز اور عالمی معاہدے کا مستقبل” ہے۔

کانفرنس کے دوران منہاج یونیورسٹی لاہور کے وفد کے اراکین مختلف علمی نشستوں میں اپنے تحقیقی مقالات پیش کریں گے، جبکہ اہم پینل مباحث کی صدارت بھی کریں گے۔ وفد امن و تنازعات کے حل، انسانی حقوق، موسمیاتی انصاف، نوجوانوں کے کردار اور کثیرالجہتی عالمی نظام میں اصلاحات جیسے اہم موضوعات پر جنوبی ایشیا کے تناظر میں اپنی علمی آراء، تحقیقی نتائج اور عملی تجاویز پیش کرے گا۔
بین الاقوامی سطح پر اس علمی فورم میں منہاج یونیورسٹی لاہور اور منہاج القرآن انٹرنیشنل یورپ کی مؤثر شرکت نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے باعثِ فخر ہے۔ یہ شرکت عالمی سطح پر علمی تحقیق، امن، بین المذاہب ہم آہنگی، انسانی حقوق اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے منہاج القرآن کی مسلسل خدمات کا عملی اظہار بھی ہے۔


















































































