
ٹھٹھہ (جے پی) کربلا کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے یومِ عاشورہ کا مرکزی ماتمی جلوس ٹھٹھہ میں شاہی بازار کی شیرازی امام بارگاہ سے برآمد ہوا۔ مرکزی جلوس جب قومی شاہراہ پر پہنچا تو عزاداری کی گئی۔ ٹھٹھہ شہر، مکلی اور ضلع کے مختلف علاقوں سے نکلنے والے 30 سے زائد ذوالجناح، علمِ پاک اور تعزیوں کے ماتمی جلوس بھی مرکزی جلوس میں شامل ہوگئے۔پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ ساجد امیر سدوزئی اور ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت نے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ سیکیورٹی پلان کے تحت اضافی نفری تعینات کی گئی جبکہ ٹھٹھہ-کراچی قومی شاہراہ اور مرکزی اسٹاپ کو قناتیں لگا کر بند کردیا گیا۔ ٹریفک کو بائی پاس کے متبادل راستوں سے گزارا گیا۔ مرکزی جلوس کی نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مین اسٹاپ پر مانیٹرنگ کنٹرول روم قائم کیا گیا، جبکہ پولیس کے ساتھ رینجرز کے اہلکار بھی تعینات رہے۔ مین اسٹاپ پر مختلف مقامات پر سبیلیں اور طبی کیمپ قائم کیے گئے۔ زنجیر زنی اور چھریوں کے ماتم کے دوران 25 سے زائد عزادار زخمی ہوگئے، جنہیں ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری طبی امداد فراہم کی۔ بعد ازاں زنجیر زنی اور عزاداری کے اختتام پر مرکزی ماتمی جلوس بخاری امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔


















































































