ٹھٹھہ میں کربلا کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے عزاداری مجالس اور ماتمی جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ٹھٹھہ(جے پی)ٹھٹھہ میں کربلا کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے عزاداری مجالس اور ماتمی جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پوری رات جاری رہنے والا شہزادہ امام قاسمؑ کی مہندی کا جلوس آج صبح فجر کے وقت شاہجہان جامع مسجد ٹھٹھہ کے قریب قومی شاہراہ پر اختتام پذیر ہوگیا۔ آج دوپہر مکلی میں قدم گاہ مولا علیؑ امام بارگاہ سے عزاداری مجلس کے بعد مرکزی ماتمی جلوس برآمد ہوگا، جبکہ ٹھٹھہ شہر کی غریب امیرخانی امام بارگاہ اور مہدی رضوی امام بارگاہ سے رات کے وقت الگ الگ ماتمی جلوس نکالے جائیں گے۔ شہزادہ امام قاسمؑ کی مہندی کا مرکزی جلوس گزشتہ رات شاہ نجف امام بارگاہ سے برآمد ہوا، جو پوری رات شاہی جامع مسجد ٹھٹھہ کے اطراف مختلف راستوں سے ہوتا ہوا قومی شاہراہ پر پہنچا، جہاں عزاداروں نے ماتم کیا۔ ذوالجناح، علمِ پاک اور سیج کے مختلف جلوس بھی مہندی کے بڑے ماتمی جلوس میں شامل ہوگئے، جہاں کربلا کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ آج صبح فجر تک جاری رہا، جس کے بعد جلوس اختتام پذیر ہوگیا۔ آج نویں محرم الحرام اور کل یومِ عاشور کے موقع پر پولیس اور رینجرز کی جانب سے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر آج دوپہر سے اور کل پورا دن موبائل نیٹ ورک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پولیس انتظامیہ کے مطابق سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے 34 امام بارگاہوں میں سے 2 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، جبکہ 55 ماتمی جلوسوں میں سے 14 جلوس اور 271 عزاداری مجالس میں سے 38 مجالس کو بھی انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے