
مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کی جنرل اتھارٹی نے زائرین کی سہولت اور ہجوم کو منظم کرنے کے لیے حجرِ اسماعیل (حطیم) میں داخلے کا نیا اور واضح شیڈول جاری کر دیا ہے۔ اس نئے شیڈول کے تحت مردوں اور خواتین کے لیے الگ الگ اوقات مقرر کیے گئے ہیں تاکہ ہر کوئی سکون کے ساتھ نوافل ادا کر سکے
مکہ مکرمہ – رپورٹ جہانگیر خان – مسجد الحرام امور کی جنرل اتھارٹی نے حجر اسماعیل میں داخلے کا شیڈول جاری کیا ہے۔ خواتین روزانہ صبح 6:00 سے 9:00 بجے تک اس مقدس مقام کی زیارت کر سکتی ہیں، جبکہ مردوں کے لئے داخلہ رات 10:00 سے 1:00 بجے تک ہے۔حطیم میں داخلہ مغربی جانب سے ہو گا۔ہر حاجی 10 منٹ تک حطیم کے اندر رہ سکتا ہے-حطیم کعبہ کا وہ حصہ ہے جہاں نماز ادا کرنا بیت اللہ کے اندر نماز پڑھنے کے برابر ہے۔ حجر اسماعیل کی زیارت کی منصوبہ بندی کرتے وقت مقرر کردہ شیڈول کو مدنظر رکھنا اور اپنے لئے مناسب وقت کا انتخاب کرنا اہم ہے۔ اگر آپ خاندان کے ساتھ سفر کر رہے ہیں تو مردوں اور عورتوں کے لئے علیحدہ شیڈول کا خیال رکھیں۔ یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ آپ مقررہ وقت سے پہلے پہنچیں تاکہ جلد بازی سے بچ سکیں اور دعا پر مکمل توجہ مرکوز کر سکیں۔ اس کے علاوہ، مقدس مسجد کی زیارت کے دوران طرز عمل اور لباس کی شرائط کی پابندی کی ضرورت کا بھی خیال رکھیں۔
===================
حج 2027ء کی آن لائن رجسٹریشن: 2 دن میں51 ہزار عازمین رجسٹرڈ
وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان نے بتایا ہے کہ پہلے 2 دن میں رجسٹرڈ عازمین کی تعداد 51 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ آن لائن پورٹل سے 46 ہزار افراد گھر بیٹھے رجسٹرڈ ہوئے، جبکہ پاک حج موبائل ایپ کے ذریعے 5 ہزار افراد گھر بیٹھے رجسٹرڈ ہوئے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ 41 ہزار افراد نے سرکاری اسکیم، 10 ہزار افراد نے پرائیویٹ حج کا انتخاب کیا۔
نہ قطار نہ انتظار، حج 2027ء کی آن لائن رجسٹریشن جاری، فیس کوئی نہیں
انہوں نے بتایا کہ پنجاب سے 24 ہزار، سندھ سے 16 ہزار، خیبر پختون خوا سے 7 ہزار، اسلام آباد سے 3 ہزار افراد نے رجسٹریشن کروائی جبکہ بلوچستان سے 8 سو، کشمیر سے 260 اور گلگت بلتستان سے 77 عازمین رجسٹرڈ ہوئے۔
ترجمان کے مطابق رجسٹرڈ عازمین میں 30 ہزار مرد، 21 ہزار خواتین شامل ہیں، رجسٹرڈ عازمینِ حج میں 30 سے 48 سال کے افراد کی تعداد نمایاں ہے۔
وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان نے بتایا ہے کہ نیشنل آئی ٹی بورڈ کی مدد سے حج آپریشن پیپر لیس اور اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹائز ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ حج 2027ء کی لازمی رجسٹریشن ڈرائیو بلا تعطل جاری رہے گی، اخراجات اور دیگر تفصیلات دوسرے مرحلے میں جاری کی جائیں گی۔


















































































