
ہیوسٹن (نمائندہ خصوصی): جامعہ کراچی المنائی کے صدر فہیم اخوند نے امریکہ کے شہر ہیوسٹن میں بانی و چیئرمین کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (CAP) کوکب اقبال کے اعزاز میں ایک شاندار اور پرتکلف تقریب کا اہتمام کیا۔
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی معروف شخصیات فہیم اخوند، عارف عظیم، نجیب احمد، طارق خان اور غنفر ہاشمی سمیت دیگر معزز افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے کوکب اقبال کی صارفین کے حقوق کے تحفظ، فوڈ سیفٹی، معیار اور عوامی آگاہی کے لیے کی جانے والی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر کوکب اقبال نے ہیوسٹن شوگر لینڈ میں قائم معروف اروا یمنی ٹی اینڈ کافی چین (ARWA Yamani Tea & Coffee Chain) کا دورہ بھی کیا اور وہاں کے شاندار ماحول، خوبصورت تزئین و آرائش اور بہترین انتظامات کو سراہا۔
کوکب اقبال نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اروا یمنی ٹی اینڈ کافی چین کا ماحول انتہائی متاثر کن ہے اور اس کا منفرد انداز، خوبصورت ڈیزائن اور بہترین سروس قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس معیار کی چین پاکستان میں بھی متعارف کروائی جائے تو پاکستانی عوام اسے یقیناً پسند کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ مقام صرف چائے اور کافی کے شوقین افراد کے لیے نہیں بلکہ پاکستانی کمیونٹی کے لیے ملاقات، رابطوں اور سماجی سرگرمیوں کا ایک بہترین مرکز بھی بن سکتا ہے۔
کوکب اقبال نے اروا یمنی کے انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے اس طرح کے معیاری کاروباری منصوبے پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرتے ہیں۔
انہوں نے خصوصی طور پر نجیب احمد کا شکریہ ادا کیا جو ہمیشہ ان کے اعزاز میں شاندار اجتماعات کا انعقاد کرتے ہیں اور دوستوں و کمیونٹی کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جہاں شرکاء نے باہمی روابط کے فروغ اور پاکستانی کمیونٹی کے اتحاد کے عزم کا اظہار کیا۔


















































































