
عزادارانِ حضرت امام حسینؑ کو فراہمی و نکاسی آب کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ کی فوکل پرسن عقربہ فاطمہ، سی ای او واٹر کارپوریشن کے فوکل پرسن برائے ہائیڈرنٹس سیل شہباز بشیر، جعفریہ الائنس پاکستان کے عون علی اور ثقلین رضا نے محرم الحرام کے سلسلے میں نشتر پارک کا دورہ کیا اور عزادارانِ حضرت امام حسینؑ کے لیے فراہمی و نکاسی آب کے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران وفد نے مجالس اور جلوسوں کے شرکاء کے لیے فراہمی و نکاسی آب سمیت دیگر سہولیات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر فوکل پرسن برائے ہائیڈرنٹس سیل شہباز بشیر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداران کو پانی کی بلا تعطل فراہمی اور دیگر ضروری سہولیات کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے واٹر کارپوریشن کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر بھر کی امام بارگاہوں، مجالس گاہوں اور جلوسوں کے راستوں پر پانی کی فراہمی کے لیے واٹر کارپوریشن کا عملہ ہائی الرٹ ہے۔


















































































