پنجاب میں 29 ہزار 768 خصوصی بچوں میں ہمت کارڈ کی تقسیم کا آغاز


اوکاڑہ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حکم پر پنجاب بھر میں 29 ہزار 768 خصوصی بچوں میں ہمت کارڈ کی تقسیم کا آغاز کر دیا گیا۔

مریم نواز سنٹر آف ایکسیلنس اوکاڑہ میں منعقدہ تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ثانیہ عاشق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے سیکرٹری اور ڈی جی سپیشل ایجوکیشن کے ہمراہ ہمت کارڈز کی تقسیم کا افتتاح کیا۔

ثانیہ عاشق نے کہا کہ پنجاب بھر میں 29 ہزار 768 اہل خصوصی بچوں میں ہمت کارڈ تقسیم کیے جائیں گے جبکہ مریم نواز سنٹر آف ایکسیلنس اوکاڑہ کے 96 بچوں میں آج ہمت کارڈز تقسیم کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ہمت کارڈ، ضروری آلات، ہیلدی فوڈ، تھیراپی اور دیگر سہولیات کے ذریعے خصوصی بچوں کی معاونت کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہر ڈویژن میں آٹزم سکول کا سیٹلائٹ کیمپس قائم کیا جائے گا جہاں خصوصی بچے اسسمنٹ اور تھیراپی کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔

معاون خصوصی نے بتایا کہ 45 ہزار خصوصی بچوں کو روزانہ کی بنیاد پر فورٹیفائیڈ بسکٹ اور پروٹین سے بھرپور دودھ فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ خصوصی بچوں کو بہتر سے بہترین سہولیات مہیا کی جائیں۔

ثانیہ عاشق نے کہا کہ ہمت کارڈ خصوصی بچوں کی خودمختاری، خوداعتمادی اور معاشی بہتری کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک اہم فلاحی اقدام ہے۔ ان کے بقول خصوصی بچوں کو باعزت اور خودمختار زندگی کی جانب گامزن کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سنٹر آف ایکسیلنس میں موجود سہولیات نجی شعبے میں بھی دستیاب نہیں جبکہ یہ تمام اقدامات وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ذاتی توجہ اور نگرانی کا نتیجہ ہیں۔ ثانیہ عاشق نے کہا کہ ہمت کارڈ خصوصی بچوں کے لیے تحفظ، اعتماد اور بہتر مستقبل کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو رہا ہے۔