
ٹھٹھہ (جے پی) ٹھٹھہ پولیس کی کارروائی، شہید پولیس اہلکاروں کے قتل کیس میں سہولت کاری کرنے والے ملزم کے خلاف سخت ایکشن، دو پولیس اہلکاروں عبدالمجید مری اور اکبر علی مری کی شہادت کے افسوسناک واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران ٹھٹھہ پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کی سہولت کاری میں ملوث نظیر بروہی کی پناہگاہوں کو مسمار کر دیا۔ پولیس تحقیقات کے مطابق نظیر بروہی نے پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ملزمان کو پناہ، معاونت اور دیگر سہولیات فراہم کیں۔شواہد کی بنیاد پر قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے اس کے زیرِ استعمال پناہگاہوں کو مسمار کیا گیا۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ کی ہدایت پر شہید اہلکاروں کے خون کا حساب لینے اور واقعے میں ملوث ہر فرد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری ہیں نہ صرف مرکزی ملزمان بلکہ ان کے سہولت کاروں اور معاونین کے خلاف بھی بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ٹھٹھہ پولیس اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور شہداء کے خون کے انصاف کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے اور قانون شکن عناصر کے لیے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
=======================
کراچی: پنجاب کالونی انڈر پاس میں حادثہ، 2 افراد جاں بحق، ایک زخمی
کراچی کے علاقے پنجاب کالونی میں واقع انڈر پاس میں ہوئے ٹریفک حادثے میں شدید زخمی شخص اسپتال میں دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہوگئی، مرنے والوں کی شناخت ریاض اور اسحاق کے نام سے ہوئی ہے۔
جاں بحق و زخمی افراد کا تعلق پنجاب کے شہر جلال پور سے ہے۔
پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ تینوں افراد مزدوری کرکے گھر لوٹ رہے تھے جب ان کے ساتھ یہ حادثہ پیش آیا۔
حکام نے یہ بھی بتایا ہے کہ حادثے میں ملوث ٹرک ڈرائیور اور اس کا معاون واقعے کے بعد فرار ہوگئے ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے گارڈن میں گاڑی کی ٹکر سے ایک راہ گیر خاتون جاں بحق ہوگئی۔
خاتون کی شناخت طاہرہ کےنام سے کی گئی ہے


















































































