**: تھیلیسیمیا کی بچی منیبہ مقصود ایک دن کیلئے اعزازی ڈپٹی کمشنر اٹک مقرر**

**: تھیلیسیمیا کی بچی منیبہ مقصود ایک دن کیلئے اعزازی ڈپٹی کمشنر اٹک مقرر**

**اٹک (ویب نیوز)** – ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا نے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچی منیبہ مقصود کو ایک دن کے لیے اعزازی ڈپٹی کمشنر مقرر کرکے ایک منفرد اور قابلِ تحسین اقدام کیا۔ اس موقع پر اعزازی ڈپٹی کمشنر منیبہ مقصود نے ڈی سی آفس میں ڈپٹی کمشنر کی نشست پر بیٹھ کر علامتی طور پر فرائض سرانجام دیئے اور اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

ڈپٹی کمشنر راؤ عاطف رضا نے اس موقع پر کہا کہ تھیلیسیمیا سمیت مختلف بیماریوں کا شکار بچوں کی حوصلہ افزائی اور معاشرتی شمولیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کی فلاح و بہبود اور بہترین علاج کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

اس سے قبل ڈپٹی کمشنر اٹک نے تھیلیسیمیا سینٹر کا دورہ کیا اور زیرِ علاج بچوں میں ادویات تقسیم کیں۔ انہوں نے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کی صحت، علاج معالجے اور دیگر سہولیات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔ اس موقع پر بچوں اور ان کے والدین نے تھیلیسیمیا سینٹر میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

تھیلیسیمیا سینٹر انتظامیہ نے سماجی خدمات کے اعتراف میں ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر عزم ظاہر کیا کہ تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کی بہتر نگہداشت اور معاونت کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کی دلجوئی اور حوصلہ افزائی معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

یہ اقدام بچوں میں اعتماد بڑھانے اور انہیں معاشرے کا فعال حصہ بنانے کی ایک مثالی مثال ہے، جسے عوام کی جانب سے بھی سراہا جا رہا ہے۔