مذاکرات کی کامیابی سے دنیا بھر میں امن، ترقی اور خوشحالی یقینی بنانے میں مدد ملے گی،امریکہ اور ایران کی قیادت خطے میں امن کے لیے مخلص ہے ،وزیراعظم

برگن اسٹاک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امریکہ اور ایران کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عالمی امن کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ ہم مل کر دنیا میں اتحاد قائم کر سکتے ہیں اور مذاکرات کی کامیابی سے دنیا بھر میں امن، ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے ’’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘‘ کے تسلسل میں پاکستان کی میزبانی میں امریکہ اور ایران کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات کے آغاز کے موقع پر اپنے افتتاحی کلمات میں اظہارِ خیال کیا۔ اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سمٹ ہال آمد پر امریکی اور ایرانی وفود کا گرمجوشی سے استقبال کیا، وفود کے ارکان سے مصافحہ کیا اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات عالمی امن کے لیے نہایت اہم ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ ان کی بصیرت افروز اور مدبرانہ قیادت کی بدولت ان مذاکرات کا انعقاد ممکن ہوا۔ یہاں امریکی اور ایرانی وفود کے درمیان بامقصد گفتگو ہوگی اور ہمیں امید ہے کہ اس کے نتیجے میں مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مذاکرات کے انعقاد کے لیے انتہائی اہم کردار ادا کیا اور اس مقصد کے لیے بھرپور کاوشیں کیں۔ انہی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں آج ہم یہاں اکٹھے ہوئے ہیں۔ مذاکرات کی کامیابی سے دنیا بھر میں امن، ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ آج امن، ترقی اور بحران کے خاتمے کے لیے ایک اہم دن ہے۔ سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے مشرق وسطیٰ میں استحکام ممکن ہے اور تعمیری مذاکرات کے مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ امن کے لیے ایران کے مثبت کردار کے خواہاں ہیں اور معاملات پر مثبت گفت و شنید کی ضرورت ہے۔ قیامِ امن کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو لائقِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایک بہترین سپہ سالار ہیں اور پاکستان کے کردار کو دنیا بھر میں سراہا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن مذاکرات میں قطر کا کردار بھی قابلِ تعریف ہے۔ ہم مستقبل میں مزید بہتر کام کرنا چاہتے ہیں، مشرق وسطیٰ میں امن کا قیام ہماری ترجیح ہے، جبکہ لبنان کی صورتحال پر بھی تشویش ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ لبنان میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں۔

اس موقع پر قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی نے خطے اور دنیا میں قیامِ امن اور امریکہ و ایران کے درمیان مذاکرات کے لیے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔