
سندھ حکومت کے پاس اپنی ٹرانسمیشن کمپنی موجود ہے، وزیراعلیٰ
02 مئی ، 2026
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہ سندھ حکومت کم لاگت بجلی پیدا کرنے اور ٹرانسمیشن کمپنی کے ذریعے اس کی مؤثر ترسیل کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ سندھ حکومت کے پاس اپنی ٹرانسمیشن کمپنی موجود ہے، تفصیلات کے مطابق جمعہ کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ڈنمارک کی سفیر مایا ڈائربرگ مورٹنسن نے سی ایم ہاوس ملاقات کی، اس ملاقات میں دوطرفہ تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع، قابلِ تجدید توانائی اور ماحولیاتی پائیداری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پرو زیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی گرڈ کے ذریعے سستی بجلی کی پیداوار اور ترسیل کا ایک جامع منصوبہ پیش کرتے ہوئے گھریلو صارفین کو ریلیف فراہم کرنے اور صنعتی ترقی کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت کم لاگت بجلی پیدا کرنے اور اپنی ٹرانسمیشن کمپنی کے ذریعے اس کی مؤثر ترسیل کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ ہمارا مقصد پیداوار کی کارکردگی بہتر بنا کر اور لائن لاسز کم کر کے گھریلو اور صنعتی صارفین دونوں کے لیے سستی بجلی کی فراہمی یقینی بنانا ہے ،کیونکہ کم قیمت بجلی سے عوام کو براہِ راست ریلیف اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔
=========================
اشتہارات کی بندش سے میڈیا ملازمین مالی بحران کا شکار ہیں، ایپنک
02 مئی ، 2026FacebookTwitterWhatsapp
کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان نیوز پیپر ایمپلائز کنفیڈریشن (ایپنک)اور کے یو جے کا مشترکہ اجلاس کراچی میں ہوا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ اشتہارات کی بندش سے ہزاروں میڈیا ملازمین مالی بحران کا شکار ہیں،حکومت میڈیا ہائوسز میں کام کرنے والے ملازمین کو تحفظ فراہم کرے، حکومت ڈان اخبار کے اشتہارات کی بندش فوری ختم کرے، میڈیا ہائوسز میں کام کرنے والے ملازمین کی تنخواہیں وقت پر ادا کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔ آل پاکستان نیوز پیپر ایمپلائز کنفیڈریشن (ایپنک) کے چیئرمین شکیل یامین کانگا کی صدارت میں اجلاس میں ملازمین اور میڈیا ورکرز کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری جنرل قلب علی کو بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے اشتہارات فوری جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر طاہر حسن خان نے میڈیا ورکرز کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے مشترکہ جدوجہد پر زور دیا۔ آخر میں اشتہارات فوری جاری کرنے کی قرار داد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔اجلاس کے شرکاء میں وائس چیئرمین اپنیک، دارا ظفر، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل رانا یوسف، عبیداللہ، فنانس سیکرٹری محمد عرفان علی، کے یو جے کے جنرل سیکرٹری سردار لیاقت کشمیری،عمران ایوب، سعید محی الدین، سلیم اللہ صدیقی، اسامہ عباسی، امتیاز خان فاران، نعت اللہ بخاری اور دیگر شامل تھے۔


















































































