پی ایس ایل 11 کے پلے آف مرحلے تک رسائی کے لیے کس ٹیم کو مزید کتنی کامیابیاں درکار ہیں؟

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے تیسرے مرحلے کا دوبارہ آغاز آج لاہور سے ہو رہا ہے۔
کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں لاہور پہنچ چکی ہیں، جبکہ پلے آف کے تین دستیاب مقامات کے لیے تمام 6 ٹیموں کے درمیان مقابلے جاری رہیں گے۔
فائنل فور میں رسائی کے لیے ملتان سلطانز کو اپنے باقی 3 میچز میں سے کم از کم ایک جیتنا ہوگا، جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کو تین میں سے دو کامیابیاں حاصل کرنا ضروری ہیں۔
دوسری جانب حیدرآباد کنگزمین، لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے لیے صورتحال یہ ہے کہ انہیں اپنے تمام باقی میچز جیتنا ہوں گے، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو نہ صرف کامیابیاں سمیٹنا ہوں گی بلکہ دیگر ٹیموں کے نتائج پر بھی انحصار کرنا پڑے گا۔
پشاور زلمی پہلے ہی پلے آف مرحلے میں جگہ پکی کر چکی ہے، جبکہ راولپنڈیز ایونٹ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔
پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال:
29 میچز کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو ناقابل شکست پشاور زلمی 8 میچز میں 7 فتوحات اور ایک میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہونے کے بعد 15 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ بارش کی نذر ہونے پر زلمی کو ایک پوائنٹ ملا تھا۔
ملتان سلطانز 7 میچز میں 5 جیت اور 2 شکستوں کے ساتھ 10 پوائنٹس لے کر دوسرے نمبر پر موجود ہے، جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ 7 میچز میں 4 کامیابیوں اور 2 ناکامیوں کے بعد 9 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 8 میچز میں 3 فتوحات اور 5 شکستوں کے ساتھ 6 پوائنٹس لے کر چوتھے نمبر پر ہے۔
اسی طرح حیدرآباد، لاہور قلندرز اور کراچی کنگز تینوں ٹیمیں 7 میچز میں 3،3 جیت اور 4،4 شکستوں کے بعد 6،6 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر موجود ہیں۔
آخری نمبر پر موجود راولپنڈیز کی ٹیم اب تک ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی اور ایونٹ میں آٹھویں پوزیشن پر ہے۔