پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج عبداللہ پور، فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے چیئرمین کی حیثیت سے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا،

اٹک ( مہتاب منیرخان سے) پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج عبداللہ پور، فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے چیئرمین کی حیثیت سے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا، بورڈ آفس پہنچنے پر سیکرٹری تعلیمی بورڈ پروفیسر امجد اقبال، کنٹرولر امتحانات تنویر اصغراعوان، بورڈ افسران، ملازمین بورڈ اپمپلائز ویلفیئر ایسو سی ایشن کے نمائندگان اور راولپنڈی ڈویژن کی پروفیسر ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا ان کے ہمراہ سینئر پرنسپلز فورم فیصل آباد کے عہدیداران پروفیسر اشرف محمود چوہدری ، پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بھٹی،پروفیسر ڈاکٹر منیر جہاں ملک،پروفیس مسز روبینہ ناز موجود تھے اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی،چارج سنبھالنے کے بعد چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے بورڈ کے افسران کے ساتھ غیر رسمی تعارفی اجلاس کیا، جس میں انہیں بورڈ کے مختلف شعبہ جات، انتظامی امور اور جاری اصلاحاتی اقدامات سے آگاہ کیا گیا، اس موقع پر افسران نے ادارے کی کارکردگی اور مستقبل کے اہداف سے متعلق بریفنگ بھی دی،بورڈ افسران سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین اقبال محمود نے کہا کہ انہیں اس اہم ادارے کی قیادت کی ذمہ داری سونپے جانے پر فخر ہے اور وہ اس منصب کو قومی امانت سمجھتے ہوئے پوری دیانت، خلوص اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیمی بورڈ راولپنڈی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، مزید فعال، شفاف اور طلبہ دوست ادارہ بنایا جائے گا تاکہ امتحانی نظام پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو،انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایات اور حکومت پنجاب کی تعلیمی پالیسی کے مطابق میرٹ، شفافیت، گڈ گورننس، بروقت امتحانات، جدید اصلاحات اور بہترین عوامی خدمات کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے گا، انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ بورڈ کی مجموعی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے، انتظامی نظام کو مؤثر بنانے اور طلبہ و والدین کو سہولیات کی بروقت فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،چیئرمین اقبال محمود نے بورڈ افسران اور ملازمین پر زور دیا کہ وہ ٹیم ورک، دیانتداری، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے جذبے کے ساتھ کام کریں تاکہ تعلیمی بورڈ راولپنڈی کو ملک کے بہترین امتحانی اداروں میں شامل کیا جا سکے۔