جیکب بیتھل کی ناقابلِ شکست 76 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت انگلینڈ نے اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔
191 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا، جب بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ نے پہلے ہی اوور میں فل سالٹ اور کپتان جوس بٹلر کو بغیر کوئی رن بنائے پویلین بھیج دیا۔
ابتدائی نقصان کے بعد ہیری بروک نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 15 گیندوں پر 39 رنز بنائے، جن میں ایک اوور میں مسلسل پانچ چوکے بھی شامل تھے، جس سے انگلینڈ کی اننگز کو سنبھالا ملا۔
بعد ازاں جیکب بیتھل نے ٹام بینٹن کے ساتھ 67 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ بینٹن نے 32 گیندوں پر 39 رنز بنائے، جبکہ بیتھل نے 46 گیندوں پر ناقابلِ شکست 76 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا ، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔
میچ کا فیصلہ کن موڑ لیگ اسپنر روی بشنوئی کا 17واں اوور ثابت ہوا، جس میں انگلینڈ نے 29 رنز بٹور کر میچ اپنے حق میں کر لیا۔
دوسری جانب بھارت کی جانب سے 15 سالہ ویبھو سوریا ونشی نے بین الاقوامی کرکٹ میں یادگار ڈیبیو کیا۔ وہ بھارت کی تاریخ کے کم عمر ترین بین الاقوامی کرکٹر بن گئے اور اس طرح انہوں نے سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے 1989 میں 16 برس کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔
ویبھو سوریا ونشی نے اپنی مختصر مگر جارحانہ اننگز میں صرف 10 گیندوں پر 14 رنز بنائے، جس میں دو شاندار چھکے شامل تھے تاہم وہ جوس بٹلر کے ہاتھوں اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔


















































































