
کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلی سندھ مراد علیشاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمن تاک میں رہتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے یوم عاشور کے موقع پر شرکت کے دوران میڈیا سے گفتگو میں کہی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ سندھ بھر میں 1600 سے زائد جلوس نکلتے ہیں۔ پولیس اور رینجرز کے 60 ہزار اہلکار سیکیورٹی کےلیے تعینات ہیں۔ تمام منتظمین کا شکریہ انہوں نے تعاون کیا۔ وزیراعلیٰ ہاوس میں کئی اجلاس ہوئے ہیں۔ بدقسمتی سے اس سال 3 ناخوشگوار واقعات پیش آئے۔ ڈیفینس کی امام بارگاہ میں گاڑی گھسنے کا حادثہ پیش آیا۔ شکارپور میں علم پاک بجلی کی تاروں سے ٹکرایا اور عزادار شہید ہوئے۔ روہڑی کے شمع گل جلوس میں 4 شہید ہوئے۔ مراد علیشاہ نے کہا کہ یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ ہم اپنے انتظامات کو بہتر بنائیں۔ پولیس پریا کماری کی بازیابی کےلیے کوششیں کر رہی ہے لیکن اب تک بازیاب نہیں ہوئے۔ محرم کے موقع پر کوئی خاص خطرہ نہیں لیکن پاکستان کے دشمن تاک میں رہتے ہیں۔ منتظمین، حکومتی نمائندوں اور میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ شرپسندوں کو موقع نہ دیں۔
کراچی
مور خہ 26جون 2026
یکم محرم سے یومِ عاشور تک عزادارانِ امام حسینؑ کی خدمت ہماری اولین ترجیح رہی، تمام اداروں نے مثالی ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دئیے: میئر سکھر و ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ
کراچی/ سکھر 26جون ۔ میئر سکھر و ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے یومِ عاشور کے موقع پر پوری امتِ مسلمہ، عزادارانِ امام حسینؑ اور اہلِ بیتِ اطہارؑ کے تمام چاہنے والوں کو سلام اور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام ہمیں حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی، حق، انصاف، صبر، استقامت اور انسانیت کے اعلیٰ ترین اصولوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کے فیوض و برکات سے ہمیں حق پر قائم رہنے، اتحاد و اخوت کو فروغ دینے اور انسانیت کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ یکم محرم الحرام سے یومِ عاشور (10 محرم الحرام) تک سکھر میونسپل کارپوریشن نے ضلعی انتظامیہ، پولیس، رینجرز، ریسکیو اداروں، طبی اداروں، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت عزادارانِ امام حسینؑ کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیاں رہتی دنیا تک حق، انصاف، صبر، استقامت اور انسانیت کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔
انہی تعلیمات کی روشنی میں سکھر میونسپل کارپوریشن نے محرم الحرام کے دوران عزادارانِ امام حسینؑ کی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنایا اور تمام بلدیاتی و شہری سہولیات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا۔
انہوں نے بتایا کہ جلوسوں اور مجالس کے تمام روٹس پر خصوصی صفائی مہم، سڑکوں کی دھلائی، چونے کا چھڑکاؤ، جراثیم کش اسپرے، کچرے کی بروقت منتقلی، پیور بلاکس کی تنصیب، ضروری سڑکوں کی مرمت اور نکاسیٔ آب کے تمام انتظامات بروقت مکمل کیے گئے۔
سکھر میونسپل کارپوریشن اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے اشتراک سے صفائی کا عمل مسلسل جاری رکھا گیا تاکہ عزاداران کو صاف، محفوظ اور بہترین ماحول میسر آ سکے۔
بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے بتایا کہ عزاداران کو پینے کے صاف اور ٹھنڈے پانی کی فراہمی کے لیے سات واٹر باؤزرز تعینات کیے گئے، مختلف مقامات پر سبیلِ امام حسینؑ قائم کی گئیں، شدید گرمی کے پیشِ نظر جلوسوں اور مجالس کے اہم مقامات پر بڑے انڈسٹریل فینز نصب کیے گئے جبکہ عزاداران کی سہولت کے لیے خصوصی فری شٹل سروس بھی فراہم کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے 14 اہم مقامات پر جنریٹرز نصب کیے گئے، جدید ڈیجیٹل اسکرینز کے ذریعے ضروری اعلانات اور رہنمائی فراہم کی گئی جبکہ جدید سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے جلوسوں اور اہم مقامات کی مسلسل نگرانی کی جاتی رہی تاکہ لاکھوں عزاداران کو محفوظ، پُرامن اور منظم ماحول میسر آ سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مردوں اور خواتین کے لیے علیحدہ خصوصی واش رومز قائم کیے گئے جبکہ 30 رکنی خصوصی ٹیم جلوس کے مختلف مقامات پر مسلسل عرقِ گلاب کا چھڑکاؤ کرتی رہی تاکہ عزاداران کو خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔
بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے ضیاء الدین ہسپتال کی انتظامیہ کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداران کی خدمت کے لیے ہسپتال کی جانب سے مختلف مقامات پر مکمل طور پر مفت میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے جہاں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف، ادویات اور فرسٹ ایڈ کی سہولیات بلا معاوضہ فراہم کی گئیں، جو خدمتِ انسانیت کی بہترین مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تمام انتظامات کسی ایک فرد یا ادارے کی کاوش نہیں بلکہ ایک مشترکہ اور اجتماعی کوشش کا نتیجہ ہیں۔ اس سلسلے میں نعمان اسلام شیخ، ناصر حسین شاہ، ارشد مغل، کمیل شاہ، منتخب عوامی نمائندگان، اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی، چیئرمینز، کونسلرز، ضلعی انتظامیہ، سیکیورٹی اداروں، طبی اداروں، سماجی تنظیموں اور رضاکاروں نے بھرپور تعاون کیا، جس پر وہ سب خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عزادارانِ امام حسینؑ کی خدمت ہمارے لیے محض انتظامی ذمہ داری نہیں بلکہ ایک روحانی سعادت اور اعزاز ہے۔ سکھر میونسپل کارپوریشن کے افسران، ملازمین اور منتخب نمائندے یکم محرم سے یومِ عاشور تک پوری لگن، ذمہ داری اور عقیدت کے ساتھ عوامی خدمت میں مصروف رہے اور آئندہ بھی اسی جذبے، خلوص اور خدمتِ خلق کے عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔
آخر میں بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہماری ان تمام کوششوں، کاوشوں اور خدمتِ خلق کے جذبے کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، ہمیں مزید اخلاص، ہمت اور استقامت کے ساتھ عوام اور عزادارانِ امام حسینؑ کی خدمت جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔
اللہ تعالیٰ پاکستان، سندھ اور سکھر پر اپنی خصوصی رحمتیں نازل فرمائے، ملک میں امن، اتحاد، بھائی چارے اور خوشحالی کو ہمیشہ قائم رکھے۔ آمین۔
ہینڈ آؤٹ نمبر 582۔۔۔
ڈائریکٹوریٹ آف پریس انفارمیشن
محکمہ اطلاعات حکومت سندھ فون۔99204401
کراچی
مور خہ 26جون 2026
میئر سکھر و ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی عشرۂ محرم الحرام کے انتظامات پر پریس بریفنگ
کراچی/ سکھر 26جون ۔ میئر سکھر و ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے یومِ عاشور کے موقع پر پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عشرۂ محرم الحرام کے دوران پورے سندھ، بالخصوص سکھر میں عزادارانِ امام حسینؑ کی خدمت، سہولیات کی فراہمی اور فول پروف سیکیورٹی حکومت سندھ کی اولین ترجیح رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی واضح ہدایات اور عوام دوست پالیسی کے مطابق ہر مذہب، ہر مکتبِ فکر، ہر مسلک اور ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی بلاامتیاز خدمت ہماری ذمہ داری ہے، اور اسی جذبے کے تحت محرم الحرام میں عزاداران کو ہر ممکن سہولت فراہم کی گئی۔
بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے بتایا کہ شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیشِ نظر سکھر بھر میں پچاس سے زائد سبیلیں قائم کی گئیں جہاں عزاداران کو ٹھنڈا پانی، مشروبات اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ جلوسوں کے تمام مرکزی راستوں پر مسلسل روڈ واشنگ کا انتظام کیا گیا تاکہ گرمی کی شدت میں کمی لائی جا سکے۔ یومِ عاشور کے مرکزی جلوس کے لیے گھنٹہ گھر کے مقام پر خصوصی 600 نوزل پر مشتمل مسٹنگ سسٹم نصب کیا گیا ہے تاکہ عزاداران کو شدید گرمی سے محفوظ رکھا جا سکے۔
بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے بتایا کہ سیکیورٹی کے حوالے سے ضلع سکھر میں مجموعی طور پر 2,258 پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ یومِ عاشور کے مرکزی جلوس کے لیے 800 سے زائد پولیس اہلکار خصوصی طور پر ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے خود سکھر کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ عزاداران کی حفاظت اور سہولیات کے حوالے سے کوئی کمی نہ رہنے دی جائے۔
بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے مزید بتایا کہ سیکیورٹی انتظامات میں خواتین عزاداروں کی سہولت کے لیے بڑی تعداد میں لیڈی پولیس اہلکار تعینات کی گئی ہیں، جبکہ رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی مکمل تعاون فراہم کر رہے ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ڈرون سرویلنس سمیت جدید مانیٹرنگ سسٹم فعال ہے، جبکہ گھنٹہ گھر اور جلوس کے مختلف مقامات پر 30 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
صحت کی سہولیات کے حوالے سے بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے بتایا کہ 535 سے زائد ہیلتھ ورکرز و طبی عملہ تعینات ہے، 557 بیڈز، 53 ایمبولینسز، 76 میڈیکل کیمپس اور 7 کنٹرول رومز چوبیس گھنٹے فعال ہیں تاکہ کسی بھی طبی ایمرجنسی کی صورت میں فوری امداد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے محکمہ صحت، تمام اسپتالوں، ایم ایس صاحبان، ڈی ایچ اوز اور خصوصی طور پر ضیاء الدین اسپتال کی انتظامیہ کو عزاداران کی خدمت میں بھرپور تعاون پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے تمام روٹس پر اسٹریٹ لائٹس، انفراسٹرکچر کی بہتری، امام بارگاہوں کے اطراف ضروری ترقیاتی کام، صنعتی پنکھوں کی تنصیب، سبیلِ امام حسینؑ، خواتین اور مردوں کے لیے علیحدہ واش رومز اور شٹل سروس سمیت تمام ضروری انتظامات مکمل کیے گئے ہیں تاکہ عزاداران کو ہر ممکن سہولت میسر آ سکے۔
بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے سیپکو کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور تعاون کیا گیا، جبکہ کسی بھی ممکنہ تعطل کی صورت میں جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر اسٹینڈ بائی جنریٹرز بھی نصب کیے گئے ہیں۔
نو محرم کے افسوسناک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ کندھکوٹ میں پیش آنے والے واقعے میں چار افراد جاں بحق ہوئے، جس پر ہم دلی افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ زخمیوں کو فوری اور مفت طبی امداد فراہم کی گئی، جن میں سے بیشتر صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں، جبکہ ایک زخمی اب بھی زیرِ علاج ہے، جس کی جلد صحت یابی کے لیے ہم دعاگو ہیں۔
اختتام پر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ یومِ عاشور کا مرکزی جلوس تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے تمام عزاداری کی تقریبات خیر و عافیت کے ساتھ اختتام پذیر ہوں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے وژن کے مطابق عوام کی بلاامتیاز خدمت کا یہ سفر آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔
ہینڈ آؤٹ نمبر 583۔۔۔
=======================
یوم عاشور پر امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، سرفراز بگٹی
یوم عاشور پر امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، سرفراز بگٹی
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ یوم عاشور پر امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان کے ہمراہ سینیٹرل پولیس آفس کوئٹہ کا دورہ کیا اور صوبے کے مختلف اضلاع میں 10 محرم کے جلوسوں اور مجالس کا جائزہ لیا گیا۔
انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی اور بتایا کہ 9 اور 10 محرم الحرام کے موقع پر بلوچستان بھر میں پولیس کے 32 ہزار جوان تعینات ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ایف سی بلوچستان اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیس کی معاونت کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے یوم عاشور پر سیکیورٹی ڈیوٹی فرائض انجام دینے والے اداروں کے افسران اور اہلکاروں کو خرج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ یوم عاشور پر امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلیےتمام وسائل بروئےکارلائےجارہے ہیں۔


















































































