JSMUسنڈیکیٹ اجلاس- نئے اراکین پروفیسر سعید قریشی اور ایم پی اے سہراب خان سرکی کا خیرمقدم

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے 37ویں سنڈیکیٹ اجلاس میں، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے کی، گورننس کو مضبوط بنانے، مالی استحکام کو یقینی بنانے اور تعلیمی معیار کو فروغ دینے کے لئے متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے لئے شفاف اور میرٹ پر مبنی اسکالرشپ اور مالی معاونت کی پالیسی کی بھی منظوری دی گئی۔ سنڈیکیٹ نے نئے اراکین پروفیسر سعید قریشی اور ایم پی اے سہراب خان سرکی کا خیرمقدم کیا اور 36ویں سنڈیکیٹ اجلاس کے منٹس کے ساتھ ساتھ فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے 27ویں اجلاس کی توثیق کی۔ اہم مالی فیصلوں میں فنڈز کی سرمایہ کاری، آئی ایم ای-جے ایس ایم یو کے ایم ایچ پی ای پروگرام کی فیس میں نظرثانی، مالی سال 2026–27 کے لئے جے ایس ایم یو ڈائیگناسٹک لیب کے ٹیسٹ ریٹس کی اپڈیٹ، اور آفس آف پوسٹ گریجویٹ اسٹڈیز کے قیام کی منظوری شامل تھی۔ اندرونی کنٹرول کو مضبوط بنانے کے لئے ‘ڈائریکٹر آڈٹ’ کے عہدے کا نام تبدیل کر کے ‘ڈائریکٹر انٹرنل آڈٹ’ رکھا گیا۔
==========================

افتخار امجد کی وزارت خزانہ میں بطورجوائنٹ سیکریٹری تعیناتی میں 2سال کی توسیع
اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) وفاقی بیو رو کریسی میںتقرر و تبادلے ،ان لینڈریونیو سروس کے گریڈ20 کے افسر افتخار امجد کی وزارت خزانہ میں بطورجوائنٹ سیکریٹری تعیناتی کی مدت میں مزید 2 سال کی توسیع،ڈاکٹر ارم صدیق شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی میں تعینات، سیکشن افسر سلمیٰ عزیز کی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن تعیناتی میں توسیع کر دی گئی،اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ان تقرر و تبادلوں کے نو ٹیفیکیشن جا ری کردیے ۔افتخار امجد کی کی وزارت خزانہ میں بطورجوائنٹ سیکریٹری تعیناتی 31 جنوری 2026 سے 30 جنوری 2028 تک مؤثر ہو گی۔

===========================

سندھ ، تعلیمی بورڈز کے چیئرمین کی کنٹرولنگ اتھارٹی وزیر اعلیٰ کو منتقل
کراچی( سید محمد عسکری) سندھ میں تعلیمی بورڈز کے چیرمین کی کنٹرولنگ اتھارٹی تبدیل کرکے وزیر اعلیٰ سندھ کو منتقل کردی گئی ہے جب کہ بورڈز کے کنٹرولر، سکریٹری، آڈٹ افسر اور دیگر افسران کی کنٹرولنگ اتھارٹی وزیر بورڈز و جامعات کے ماتحت ہی برقرار رہے گی۔ چیئرمین کی کنٹرولنگ اتھارٹی کی تبدیلی کے بعد میٹرک بورڈ کراچی کے چیرمین غلام حسین سہو اور حیدرآباد بورڈ کے چیرمین شجاع احمد میہسر کے استعفے منظوری کے لیے اب وزیراعلی سندھ کو بھیج دیئے گئے ہیں۔ کنٹرولنگ اتھارٹی کی تبدیلی کی منظوری صوبائی کابینہ کے اجلاس میں دی گئی تھی۔ زرائع کے مطابق وزیر اعلی سندھ دونوں چئیرمین بورڈز کے استعفی کی وجوہات کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد منظور کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کریں گے۔
========================

سندھ میں وائس چانسلر کی عمر کی حد 65 برس کرنے کی منظوری
کراچی( سید محمد عسکری) سندھ بھر کی سرکاری جامعات میں وائس چانسلر کی عمر کی حد 62 سے بڑھا کر 65برس کی جارہی ہے جس کی باقاعدہ منظوری منگل کو صوبائی کابینہ نے دے دی ہے تاہم اس کی حتمی منظوری صوبائی اسمبلی سے لی جائے گی جس کے بعد سندھ کی سرکاری جامعات میں آنے والے نئے وائس چانسلر کے عمر کی حد 65 برس کردی جائے گی۔ یاد رہے کہ وفاق، پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں وائس چانسلر کی عمر کی حد 65 برس تھی مگر سندھ واحد صوبہ تھا جس میں عمر کی حد 62 برس تھی جس کی وجہ سے اہل اور تجربہ کار پروفیسرز وائس چانسلر کے امیدوار کی دوڑ سے باہر ہوجایا کرتے تھے۔ ادھر ذرائع نے بتایا ہے کہ اگر اسمبلی نے عمر کی حد 65 برس کرنے کی جلدی منظوری دیدی تو جامعہ کراچی وائس چانسلر کے لیے نیا اشتہار بھی جاری کیا جاسکتا ہے کیونکہ گزشتہ ہفتے دیئے گئے اشتہار میں عمر کی حد 62 برس تھی۔