نیو جرسی میں لینڈنگ کے دوران طیارہ ٹرک سے ٹکرا گیا

یونائیٹد ایئرلائن کا ایک مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران ٹرک اور اسٹریٹ لائٹ سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں ٹرک ڈرائیور زخمی ہو گیا۔

واقعہ نیو جرسی ایئرپورٹ کے قریب پیش آیا، جہاں اٹلی کے شہر وینس سے آنے والا Boeing 767 بحفاظت لینڈ کرنے میں کامیاب رہا۔ طیارے میں سوار 231 مسافروں اور عملے کے ارکان محفوظ رہے۔

رپورٹس کے مطابق طیارے کے ایک ٹائر نے ٹرک کی کھڑکی اور ونڈ اسکرین کو نقصان پہنچایا، جس کے باعث شیشہ ٹوٹ کر ڈرائیور کے بازو اور ہاتھ پر لگا۔ ڈرائیور کو طبی امداد فراہم کر دی گئی۔

ایئرلائن نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا اعلان کرتے ہوئے متعلقہ عملے کو عارضی طور پر سروس سے ہٹا دیا ہے، جبکہ طیارے کو پہنچنے والے نقصان کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

حادثے کے بعد نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے بھی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور فلائٹ کاک پٹ وائس ریکارڈر اور ڈیٹا ریکارڈر طلب کر لیا ہے۔